کرپشن کی روک تھام رکن ممالک تعاون بڑھائیں آئی سی سی

منفی عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلیے ہر سطح پر کوششیں کرنا ہوں گی۔

دبئی میں اینٹی کرپشن یونٹ کی ورکشاپ میں شرکاء کے درمیان مفید تبادلہ خیال۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے کرکٹ میں کرپشن کی روک تھام کیلیے رکن ممالک کے مابین تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔

کونسل کے مطابق منفی عناصر دنیا میں کہیں بھی ہوسکتے ہیں، ان کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلیے سب کو ہر سطح پر منظم کوششیں کرنا ہوں گی، تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کی 2 روزہ ورکشاپ دبئی میں ختم ہوگئی، اس میں چیئر مین رونی فلینیگن سمیت 10 فل ممبر ممالک میں سے 8 کے ڈومیسٹک انسداد بدعنوانی شعبوں کے سربراہان شریک ہوئے۔


اس موقع پر جنرل منیجر یوگیندرا پال سنگھ نے کہا کہ ایونٹ کے دوران کرکٹ برادری کو معلومات کے تبادلے، تجاویز دینے اور مستقبل کیلیے منصوبہ بندی کا بہترین موقع میسر آیا،انھوں نے کہا کہ کھیل کا دامن داغدار کرنے والے لوگ سرحدوں سے قطع نظر ڈومیسٹک سے لے کر انٹرنیشنل سطح تک سرگرم رہتے ہیں، منفی سوچ رکھنے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کیلیے کرکٹ کھیلنے والے ممالک میں باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔



ورکشاپ کے شرکاء نے اس حوالے سے مختلف نوعیت کے تجربات اور خدشات پر بات چیت کرکے تحقیقات کا طریقہ کار مزید موثر بنانے پر غور کیا، مختلف ممالک سے تعلق رکنے والے آفیشلز ورکشاپ میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کرپشن کے حوالے سے آگاہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، عہدیداروں کی سوچ اور مثبت جذبہ دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ بدعنوانی کیخلاف جنگ میں کرکٹ درست سمت میں گامزن ہے، انھوں نے کہا کہ آئی سی سی عظیم کھیل کو غلط چیزوں سے پاک رکھنے کیلیے کوئی رعایت نہ برتنے کی پالیسی پر کار بند ہے، ساکھ برقرار رکھنے کیلیے ہرممکن قدم اٹھائیں گے۔
Load Next Story