ایفیڈرین کیس علی موسیٰ کاسابق سیکریٹری وعدہ معاف گواہ بن گیا

توقیرعلی کا جسمانی ریمانڈ، خوشنودلاشاری اور انجم شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ

فوٹو: فائل

انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمود تبسم نے سابق وفاقی وزیر مخدوم شہاب الدین، سابق رکن قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی سمیت9ملزمان کیخلاف ممنوعہ کیمیکل ایفی ڈرین اسمگلنگ کیس کی سماعت5 اپریل تک ملتوی کر دی۔

غیر حاضر سابق سیکریٹری صحت خوشنود اختر لاشاری اور انجم شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ اے این ایف نے توقیر علی خان کا4دن کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا۔عدالت نے تفتیشی آفیسر ایس پی عابد ذوالفقارکو حکم دیا کہ آئندہ تاریخ پر تمام ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کرنے کیلیے فائل تیارکی جائے۔




عدالت نے نوٹس جاری کرکے تمام ملزمان کو نقول کی وصولی کیلئے عدالت طلب کر لیا۔عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں مخدوم شہاب الدین،ان کی اہلیہ، بیٹیوں،بیٹے،علی موسیٰ گیلانی،عبدالقادرگیلانی،فوزیہ یوسف رضا گیلانی، شیخ انصار ان کی فیملی اور عبدالستار سوہرانی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے ضبط شدہ تمام بینک اکاؤنٹس اور پراپرٹی کے ذرائع آمدن طلب کر لیے ہیں۔ نمائندہ ایکسپریس قیصر شیرازی کی رپورٹ کے مطابق علی موسیٰ گیلانی کے مبینہ طور پر سابق سیکریٹری توقیر علی خان سرکاری گواہ بن گئے ہیں۔
Load Next Story