پاکستان کی پیس بیٹری کا کرنٹ ختم ہونے لگا

نیوزی لینڈ میں عامر4میچز میں72کی اوسط سے صرف2وکٹیں حاصل کرپائے۔

حسن علی کا دبدبہ قائم نہ رہ سکا،رومان اور فہیم اشرف کی واجبی کارکردگی۔ فوٹو : اے ایف پی

MADRID:
پاکستانی بالرز کی پیس بیٹری کا کرنٹ ختم ہونے لگا۔

دورئہ نیوزی لینڈ میں اب تک کھیلے جانے والے ون ڈے میچز میں بیٹنگ نے ہیملٹن میں تھوڑی ہمت دکھائی تو بولرز کولن ڈی گرینڈ ہوم کی جارحیت کے سامنے بے بس نظر آئے،کیوی آل راؤنڈر نے پیسرز کی بھی دل بھر کر پٹائی کی جب کہ گرین شرٹس کے مہلک یارکرز کہیں کھوہی گئے۔

مجموعی طور پر دونوں ٹیموں کے پیسرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو میزبان بولر ٹرینٹ بولٹ نے 19.88کی اوسط سے 9اور ٹم ساؤتھی نے 17.75کی ایوریج سے 8شکار کیے ہیں، تیسرے نمبر پر 6وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی ہیں لیکن انھوں نے 36.16کی اوسط سے رنز دیے، لوکی فرگوسن نے27.80کی ایوریج سے 5وکٹیں لیں، رومان رئیس نے بھی اتنے ہی شکار کیے لیکن 43.00کی اوسط سے رنز دیے۔


فہیم اشرف نے 3وکٹوں کیلیے50کی ایوریج سے رنز دیے، محمد عامر کی کارکردگی مایوس کن رہی جب کہ اپنے تجربے کی بنیاد پر پاکستانی پیس بیٹری کے لیڈر سمجھے جانے والے پیسر بولرز کی مجموعی فہرست میں 12ویں نمبر پر ہیں، انھوں نے چاروں میچز کھیل کر72.50کی اوسط سے صرف 2وکٹیں حاصل کیں۔

پوری سیریز میں وکٹوں کے لحاظ سے پیسرز اور اسپنرز کی فہرست کو دیکھا جائے تو محمد عامر نے صرف حارث سہیل، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور شعیب ملک سے ہی زیادہ وکٹیں لیں لیکن اوسط تمام بولرز میں سب سے خراب ہے۔

واضح رہے کہ پاکستانی ٹاپ آرڈر نئی گیند پر یکسر ناکام ہوئی تو پیسرز بھی بال کی چمک کا کوئی خاص فائدہ نہیں اٹھا پائے۔
Load Next Story