نگراں وزیراعظم کی تقرری الیکشن کمیشن کا اجلاس بے نتیجہ فیصلہ کل ہوگا

الیکشن کمیشن کا اجلاس کل صبح 10 بجے ہوگا اور امید ہے کہ ایک بجے تک فیصلہ کرلیاجائے گا، جسٹس (ر) ریاض کیانی

الیکشن کمیشن کا اجلاس فخر الدین جی ابراہیم کی طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے کل تک کے لئے ملتوی کردیا گیا ہے۔ فوٹو فائل

نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے الیکشن کمیشن کا اجلاس کسی بھی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا ہے، جس کے بعد اب یہ فیصلہ کل تک کے لئے ملتوی ہوگیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب ، خیبرپختونخوااوربلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ارکان نے شرکت کی جبکہ سندھ سے کمیشن کے رکن روشن عیسانی بذریعہ ٹیلیفون مشاورت میں شامل رہے۔دو سیشنز پر مشتمل اجلاس میں نگراں وزیر اعظم کے لئے ڈاکٹرعشرت حسین، جسٹس ریٹائرڈ میرہزار خان کھوسو، جسٹس ریٹائرڈ ناصراسلم زاہد اور رسول بخش پلیجو کے ناموں پر غور کیا گیا تاہم اجلاس کے شرکا کسی بھی فیصلے تک نہ پہنچ سکے۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے پنجاب سے الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس (ر) ریاض کیانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اجلاس میں نگراں وزیر اعظم کےنام پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا، اجلاس کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم کی طبیعت میں ناسازی کی وجہ سے کل تک کے لئے ملتوی کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کا اجلاس کل صبح 10 بجے ہوگا اور امید ہے کہ دوپہر ایک بجے تک نگراں وزیر اعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔


دوسری جانب الیکشن کمشین کے اس اہم اجلاس میں غیر حاضر رہنے والے سندھ سے نمائندے روشن عیسانی نے ایکسرپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کچھ مصروفیات کی وجہ سے صبح کی پرواز سے اسلام آباد نہیں پہنچ سکے اس لئے انہیں شام ہی کی پرواز میسر آئی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان کے بعد نگراں وزیر اعظم کا معاملہ 8 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے پاس گیا تھا تاہم 3 روز غور کے باوجود کمیٹی بھی کسی نام پر متفق نہ ہوسکی جس کے بعد ملک کے نگراں وزیر اعظم کے تقرر کے فیصلے کا حتمی اختیار الیکشن کمیشن کے پاس چلا گیا ہے۔

 
Load Next Story