میامی ٹینس ڈیل پوٹرو پہلی آزمائش میں ہی ناکام

ویمنز میں ماریا شراپووا، سویٹلانا کزنٹسووا، اینجلیک کیربر نے بھی تیسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی.

میامی ماسٹرز ٹینس :دوسرے رائونڈ میں لوکاس روسول کو مات دینے پر نووک جوکووک کا پرُ اعتماد انداز۔ فوٹو: رائٹرز

GUJRANWALA:
میامی ماسٹرز ٹینس میں ماریا شراپووا، سویٹلانا کزنٹسووا، اینجلیک کیربر نے بھی تیسرے رائونڈ میں رسائی حاصل کرلی۔

مینز سنگلز میں ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو پہلی آزمائش میں ہی ناکام رہے، انھیں جرمنی کے ٹوبیاس کیمکے نے اپ سیٹ شکست دے دی، دفاعی چیمپئن نووک جوکووک اور جانکو تیپسرووچ نے بھی کامیابی سے آغازکیا، ڈیوڈ فیرر کو دیمیتری ترسنوف کیخلاف واک اوور مل گیا، بارش کے سبب مقابلے تاخیر سے شروع ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق انجرڈ وکٹوریا آذرنیکاکی جگہ موقع پانے والی امریکا کی لورین ڈیوس نے ہموطن میڈیسن کیز کو6-1،5-7 اور 7-6(9/7) سے شکست دے دی۔

وکٹوریا آذرنیکا انجری کے پیش نظر گذشتہ ہفتے انڈین ویلز سیمی فائنل کے لیے بھی کورٹ میں نہیں اترپائی تھیں، سیکنڈ سیڈ آذرنیکا کو دیگر سیڈنگ پلیئرز کی طرح دوسرے رائونڈ سے اپنی مہم کا آغاز کرنا تھا، رواں برس ان کا ریکارڈ 17-0 ہے، اس میں آسٹریلین اوپن اور دوحا میں ٹائٹل فتوحات بھی شامل ہیں، بارش سے متاثرہ ایونٹ میں جہاں پر بہت سے پلیئرز اپنی باری کا انتظار کرتے رہے ، روسی ساحرہ ماریا شراپووا نے کوئی وقت ضائع کیے بغیردوسرے رائونڈ میں کینیڈا کی ایوگین بوچارڈ کو 6-2،6-0 سے ہرادیا۔

تھرڈ سیڈ پلیئر نے گذشتہ ہفتے انڈین ویلز میں ٹائٹل اپنے نام کیا تھا ، انھیں وائلڈ کارڈ ہولڈر19 سالہ حریف ایوگین کیخلاف فتح پانے میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت لگا، بارش کے سبب میچز تین گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئے، ٹینس کورٹس میں بجلی کے تعطل نے بھی ماریا کے میچ کا ٹیمپو سست کیا، وہ تیسرے رائونڈ میں ہموطن الینا ویسنینا کا سامنا کریں گی، جنھوں نے کروشیا کی ڈونا ویکس کو 6-4،6-2 سے مات دی۔آل رشین مقابلے میں سویٹلانا کزنٹسووا نے ایکٹرینا ماکارووا نے 6-4،6-4 سے ہرا دیا، اطالوی پلیئر روبریٹا ونسی نے امریکا کی کرسٹینا میک ہیل کو 6-7(2/7)،6-1 اور 6-3 سے قابو کیا۔




کارلا سواریز نیوارو نے جیمی ہیمپٹن کو 5-7،7-5اور 7-6(7/3) سے مات دی،6 سیڈ جرمن پلیئر اینجلیک کیربر نے اٹلی کی فرانسسکا شیوانے کو6-7(5/7)،6-3 اور 6-2 سے شکست دے دی، جمہوریہ چیک کی کارلا زاکا پالووا نے اسپینش حریف انابیل میڈینا گوریجس کو 6-3،7-6(7/3) سے ہرا دیا،رومانیہ کی سورانا کرسٹیا نے اسپین کی سلویا سولر ایسپنوسا کیخلاف2-6،7-5 اور 6-2 سے فتح پائی،روس کی نادیا پیٹرووا نے ژینگ ژی کو 6-3،6-1 سے رخصت کردیا، سیمونا ہالیپ نے آسٹریا کی تمیرا پاسزک کو 6-1،6-7 اور 7-5(4/7) سے قابو کیا۔

ماریا کریلنکو نے بیتھنی میٹک سینڈز کو اسٹریٹ سیٹ میں6-1،6-4 سے ہرایا،سارا ایرانی نے ڈنیلا ہنچووا کو 6-3،6-1 سے مات دی، سربیا کی 22 سیڈ جیلینا جینکووچ نے امریکی پلیئر وکٹوریا ڈوال کو 6-3،7-5سے ہرادیا۔مینز سنگلز میں جرمنی کے ٹوبیاس کیمکے نے ارجنٹائن کے5 سیڈ جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو اپ سیٹ شکست دے دی، ان کی جیت کا اسکور7-6(7/5) اور6-1 رہا، ڈیل پوٹرو نے گذشتہ ہفتے انڈین ویلز کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی تاہم اس مرتبہ وہ پہلی ہی آزمائش میں ناکام ہوگئے، ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کو 6-1 اور6-0 سے ٹھکانے لگادیا۔

سربیا کے جانکو تیپسرووچ نے ڈوڈی سیلا کو 6-2،6-4 سے واپسی کا پروانہ تھمایا۔جرگن میلزر نے اسپین کے31 سیڈ مارسیل گرینولرزکو ابتدا ہی میں ناکامی سے دوچار کردیا، میلزر نے 6-3 اور 6-4 سے فتحیاب ہوکر تیسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، فلورین میئر بھی پہلے رائونڈ کے مہمان ثابت ہوئے، انھیں سلواکیہ کے گریگا زیملیج نے 6-3،7-6 (7/3) سے ہرا دیا، اسپین کے ڈیوڈ فیرر کو روسی حریف دیمیتری ترسنوف کیخلاف واک اوور مل گیا۔
Load Next Story