پربھاس کی انوشکا سے شادی کی تردید

جب شادی کروں گا سب کو پتہ چل جائے گا، پربھاس

میں اپنی زندگی کو ذاتی رکھنا پسند کرتا ہوں جب شادی کروں گا سب کو پتہ چل جائے گا،پربھاس۔ فوٹو: فائل

فلم 'باہو بلی' سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار پربھاس نے ساتھی اداکارہ انوشکا شیٹھی سے شادی کی تردید کردی۔

فلم 'باہو بلی ٹو' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار پربھاس نے اپنی جاندار اداکاری سے نہ صرف تیلگو فلم انڈسٹری کو متاثر کیا بلکہ بالی ووڈ کے کئی فلمساز اور ہدایت کار بھی ان کے دیوانے ہوگئے یہاں تک کہ اداکار کی ہندی سینما میں ڈیبیو کی کوششیں بھی تیز ہوئیں اور وہ اب ہدایت کار سجیت کی فلم 'ساہو' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے مدمقابل شردھا کپور لیڈ رول کریں گے۔


فلم 'باہو بلی ٹو' سے شہرت کے بعد اداکار کو کئی افواہوں کا بھی سامنا کرنا پڑا لیکن کافی عرصے سے اُن کی اور انوشکا شیٹھی کی شادی کی خبریں زیر لب تھیں لیکن پربھاس نے اب تمام خبروں کی تردید کردی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پربھاس نے اپنی اور انوشکا شیٹھی کی خبروں سے متعلق سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں لوگوں کے سامنے اپنی شادی سے متعلق بات کرنا پسند نہیں کرتا اور میں کس سے شادی کرنے والا ہوں کس سے نہیں، یہ میرا معاملہ ہے، میں اپنی زندگی کو ذاتی رکھنا پسند کرتا ہوں جب شادی کروں گا سب کو پتہ چل جائے گا۔

دوسری جانب انوشکا شیٹھی نے بھی شادی سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پربھاس اور میں اچھے دوست ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم لوگ شادی کررہے ہیں اور میری شادی سے متعلق جو بھی خبر پھیلائی جارہی ہیں وہ سب غلط ہے کیوں کہ میری شادی کا حق صرف میرے والدین کا ہے اور میرے والدین ہی میرے لئے لڑکا تلاش کریں گے اور جب شادی ہوگی تو اپنے دوست سمیت مداحوں کو بھی مدعو کروں گی۔
Load Next Story