صحافیوں پر تشدد مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی مذمت

میڈیکل ایکشن کمیٹی کا آج یوم مذمت منانے کا اعلان،جماعت اسلامی کے شیخ شوکت نے زخمی کیمرہ مینوں کی عیادت کی۔

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام واقعے کے خلاف آج پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا. فوٹو: فائل

مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں نے مجلس وحدت مسلمین کے جلسے میں سیکیورٹی رضاکاروں کی جانب سے ایکسپریس نیوز کے کیمرہ مین شکیل پٹھان سمیت دیگر کیمرہ مینوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی مذمت کی ہے۔

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (برنا) نے واقعے کے خلاف آج احتجاجی مظاہرہ کرنے جبکہ پیرا میڈیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آج سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں میں یوم مذمت منانے کا اعلان کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شیخ شوکت علی، ڈاکٹر فواد علی، راو مسعود علی اعور حسن راشد نے سول اسپتال حیدرآباد پہنچ کر مجلس وحدت مسلمین کے تحت ہونے والے جلسے میں سیکیورٹی رضاکاروں کی جانب سے تشدد کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ایکسپریس نیوز کے کیمرہ مین شکیل پٹھان اور دیگر کیمرہ مینوں کی عیادت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انھوں نے واقعے کی مذمت بھی کی اور کہا کہ جماعت اسلامی اس معاملے پر صحافی برادری کے ساتھ ہے۔




دوسری طرف جعفریہ الائنس ضلع حیدرآباد کے سینئر نائب صدر ساجد انصاری نے جلسے میں ایکسپریس نیوز سمیت دیگر کیمرہ مینز پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ دریں اثناء حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (برنا) نے واقعے کے خلاف آج (پیر) دوپہر ایک بجے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں پیرا میڈیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماوں اسلام الدین شیخ، ممتاز علی جتوئی اور ترجمان عبدالطیف اوٹھو نے مجلس وحدت مسلمین کے جلسے میں سیکیورٹی رضاکاروں کی جانب سے شکیل پٹھان اور دیگر کیمرہ مینز کو تشدد کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے اور آج (پیر) سندھ بھر کے اسپتالوں میں واقعے کے خلاف یوم مذمت منانے کا اعلان کیا ہے۔
Load Next Story