بگرام جیل کا کنٹرول افغان حکومت کے حوالے کرنے کا امریکی فیصلہ

سمجھوتہ طے پاگیا، صدر کرزئی نے یقین دلایا ہے جیل سے خطرناک قیدیوں کو نکلنے کا موقع نہیں دیا جائے گا، امریکی وزیر دفاع

جیل میں 3ہزار طالبان اور مشتبہ قیدی موجود ہیں،جزوی کنٹرول پہلے ہی کابل کے پاس تھا، قندھار میں بم پھٹنے سے4 افغان بچے جاں بحق. فوٹو: فائل

امریکا اور افغانستان کے درمیان بگرام جیل کو افغان حکومت کے حوالے کیے جانے کا معاہدہ طے پاگیا۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان کے مطابق بگرام جیل پیر کو مکمل طور پر افغانستان کے حوالے کردی جائے گی۔ امریکی وزیر دفاع سے بات کرتے ہوئے افغان صدر حامد کرزئی نے یقین دہانی کرائی کہ بگرام جیل سے خطرناک قیدیوں کو نکلنے کا موقع نہیں دیا جائے گا اور اتحادی افواج اور افغان عوام کے لیے خطرہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سمتبر میں امریکا نے بگرام جیل کو جزوی طور پر افغانستان کے حوالے کردیا تھا تاہم 50 غیر ملکی اور 100افغان قیدیوں کی نگرانی بدستور امریکی فوج کے پاس تھی۔




حالیہ برسوں کے دوران اس جیل کو قیدیوں سے بدسلوکی کے واقعات کے الزامات میں بھی مرکزی حیثیت حاصل رہی ہے۔ اس جیل میں 3 ہزار کے قریب طالبان اور مشتبہ دہشت گرد قید ہیں جبکہ یہاں سات کے قریب پاکستانی بھی قید ہیں۔ بگرام جیل سرکاری طور پر پروان حراستی مرکز کے نام سے جانی جاتی ہے اور افغانستان میں نیٹو افواج کے بڑے فوجی اڈوں میں سے ایک میں واقع ہے۔ ادھر افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے چار افغان بچے جاں بحق دو زخمی ہوگئے۔
Load Next Story