کراچی میں آج سے 4روز کیلیے ڈبل سواری پر پابندی

یوم علیؓ پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اقدام،حیدرآباد میں کل سے عائد ہوگی

یوم علیؓ پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اقدام،حیدرآباد میں کل سے عائد ہوگی

KARACHI:
سندھ حکومت نے یوم علیؓ کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سندھ پولیس کی سفارش پر کراچی اور حیدر آباد میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری اور صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے ، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی گئی ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں 19 سے 22 رمضان جبکہ حیدرآباد میں 20 سے 22 رمضان تک موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی جبکہ اس دوران صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش کے ساتھ ساتھ 5 افراد کے اجتماع پر بھی پابندی عائد ہوگی ، موٹر سائیکل پر عائد ڈبل سواری کی پابندی سے خواتین ، بچے ، بزرگ اور صحافی مستثنیٰ ہوں گے ،پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد کیے جانے کے بعد پیر کی رات بارہ بجتے ہی پولیس کی چاندی ہوگئی ، مختلف علاقوں میں پولیس نے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری جانے والے درجنوں شہریوں کو روک کر ان سے مک مکا کرنا شروع کر دیا جبکہ کئی مقامات پر شہریوں اور پولیس میں تکرار کا سلسلہ بھی چلتا ہے اس موقع پر شہریوں کی جانب سے محکمہ داخلہ کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے پر لاعملی کا بھی اظہار کیا گیا۔

تاہم پولیس نے پابندی کو جواز بنا کر ڈبل سواری جانے والے افراد کو قانونی کارروائی کے لیے تھانے لیجانے کی دھمکیاں دے کر انھیں نہ صرف ہراساں کیا گیا بلکہ ان سے رقم بھی بٹور لی ، اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے جس بھونڈے اندازہ میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی عائد کی گئی ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے پرامن شہریوں کو سڑکوں پر پولیس کے ہاتھوں رسوا ہونے کے لیے چھوڑ دیا ہے ۔

Recommended Stories

Load Next Story