گمبٹ واقعے کے خلاف ارکان سندھ اسمبلی کا احتجاج

عورت اور مرد کو برہنہ گھمانے والے پولیس افسران کو عبرتناک سزا دینے کامطالبہ

عورت اور مرد کو برہنہ گھمانے والے پولیس افسران کو عبرتناک سزا دینے کامطالبہ

سندھ اسمبلی میں منگل کو ارکان نے گمبٹ (خیرپور) کے واقعے پر اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ عورت اور مرد کو برہنہ کرکے بازار میں گھمانے والے پولیس افسروں کو ایسی عبرتناک سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی پولیس افسر اس طرح انسانیت کی تذلیل کرنے کی جرأت نہ کرسکے۔ پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے کہا کہ اس واقعے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہوا ہے ۔

ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے کہا کہ ہم اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس پر ایوان میں ساری خواتین ارکان کھڑی ہوگئیں اور اس کے بعد تمام مرد ارکان بھی کھڑے ہوگئے ۔ انھوں نے اس پر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ مطالبہ کیا کہ مجرموں کو سخت ترین سزا دی جائے ۔وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا ہے،سزا دینا عدالت کا کام ہے۔

ایم کیو ایم کی خاتون رکن ہیر اسماعیل سوہو نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، صرف پولیس اہلکاروں کی معطلی سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ،ان پولیس اہلکاروں کو ایسی مثالی سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی ایسا نہ کرسکے۔ وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا کہ حکومت نے ایف آئی آر داخل کی اور ملزمان کو گرفتار کرکے ان کا چالان عدالت میں پیش کردیا ہے،


واقعے کی تفصیلی رپورٹ بدھ کو ایوان میں پیش کریں گے ۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کو اسپیکر نثار کھوڑو کی صدارت میں صبح 11بج کر 20 منٹ پر شروع ہوا۔ پیپلز پارٹی کی نومنتخب خاتون رکن سائرہ شہلیانی نے حلف اٹھایا۔ اسپیکر نے ان سے حلف لیا ۔ واضح رہے کہ سائرہ شہلیانی شازیہ مری کی خالی ہونے والی مخصوص نشست پر منتخب ہوئی ہیں جبکہ شازیہ مری قومی اسمبلی کی رکن بن گئی ہیں۔

وقفہ سوالات کے دوران وزیر سماجی بہبود نرگس این ڈی خان نے بتایا کہ صوبے میں تین چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم ہیں ، جو بچوں کو مدد فراہم کرتے ہیں، وزیر زکوٰۃ وعشر ساجد جوکھیو نے بتایا کہ حکومت سندھ ای سہولت کارڈ کے ذریعے مستحقین کو زکوٰۃ فراہم کرنے کا نظام وضع کررہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے ارکان نے صوبے میں پانی کی قلت پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور اسے محکمہ آبپاشی کی بدانتظامی سے تعبیر کیا ،ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے بتایا کہ اقلیتوں کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت نے ایک مسودہ قانون تیار کرکے چاروں صوبوں کو ارسال کردیا ہے تاکہ اس پر ان کی رائے لی جاسکے۔؎
Load Next Story