ٹوئنٹی 20 سپر 8 ٹورنامنٹ کا میلہ آج سے سجے گا

لاہورمیں سخت سیکیورٹی انتظامات، بعض اسٹارز کی ابتدائی مقابلوں میں شرکت مشکوک، روزانہ تین میچز کھیلے جائیں گے۔

لاہورمیں سخت سیکیورٹی انتظامات، بعض اسٹارز کی ابتدائی مقابلوں میں شرکت مشکوک، روزانہ تین میچز کھیلے جائیں گے۔ فائل فوٹو

MULTAN:
سیکیورٹی کے سخت حصار میں قومی ٹوئنٹی 20 سپر 8 کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ منگل سے لاہور میں سجے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ سے واپسی متوقع ہونے کے باوجود بعض اسٹارزکی ابتدائی میچز میں شرکت مشکوک ہوگی۔ افتتاحی میچ میں فیصل آباد وولفز اور بہاولپور اسٹیگز کی ٹیمیں دوپہر 12 بجے مقابل ہوں گی، دوسرا معرکہ ملتان ٹائیگرز اور ایبٹ آباد فالکنز کے درمیان سہ پہر 4 بجے ہوگا، بعد ازاں لاہور لائنز اور دفاعی چیمپئن سیالکوٹ اسٹالینز کا رات8 بجے ٹکراؤ شیڈول ہے۔

تفصیلات کے مطابق دسمبر میں ہونے والے قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ کی ابتدائی8 ٹیموں پر مشتمل سپر مرحلہ منگل سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ گروپ اے میں لاہور لائنز، سیالکوٹ اسٹالینز، ملتان ٹائیگرز اور ایبٹ آباد فالکنز شامل ہیں،بی میں فیصل آباد وولفز، بہاولپور اسٹیگز، راولپنڈی ریمز اور کراچی ڈولفنز کو رکھا گیا ہے۔

6روزہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 15میچز کھیلے جائیں گے، روزانہ 3 مقابلوں کے بعد دونوں سیمی فائنلز 30 مارچ جبکہ ٹائٹل کیلیے فیصلہ کن معرکہ اگلے روز ہوگا۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 25 ، رنرز اپ کو 10 لاکھ روپے انعام میں دیے جائیں گے۔




افتتاحی میچ کیلیے فیصل آباد وولفز اور بہاولپور اسٹیگز کی ٹیمیں دوپہر 12 بجے میدان میں اتریں گی، 4 گھنٹے بعد دوسرے مقابلے میں ملتان ٹائیگرز اور ایبٹ آباد فالکنز آمنے سامنے ہوں گے، لاہور لائنز اور سیالکوٹ اسٹالینز کے مابین برتری کیلیے جنگ کا آغاز رات 8 بجے مصنوعی روشنیوں میں ہوگا۔

پول میچز اور سیمی فائنلز کے ٹکٹ 50 اور 100 روپے فائنل کے 75 اور 150 میں لبرٹی چوک اور فیروز پور روڈ کی طرف سے واقع قذافی اسٹیڈیم کے داخلی راستے پر دستیاب ہوں گے، ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کے پیش نظر کیوریٹر کو سپورٹنگ وکٹیں تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جہاں بیٹسمینوں اور بولرز کیلیے پرفارم کرنے کے یکساں مواقع ہوں گے۔

دوسری جانب مقابلوں کے انتظامی امور مکمل کرنے کیلیے پی سی بی کا عملہ گذشتہ روز خاصا سرگرم رہا، سیکیورٹی معاملات خصوصی طور پر توجہ کا مرکز بنے۔ ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ ویجیلینس پی سی بی احسان صادق کا کہنا ہے کہ ایونٹ کیلیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے، ملکی سونے گراؤنڈز آباد کرنے کی راہ ہموار کرنے کیلیے ڈومیسٹک ایونٹ کو بھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ سے کم اہمیت نہیں دے رہے، پلیئرز کو سیکیورٹی کے سخت حصار میں ہوٹلز سے گراؤنڈز اور گراؤنڈز سے ہوٹلز تک لے جایا جائے گا۔
Load Next Story