کالے شیشے والی سرکاری و نجی گاڑیوں کے اجازت نامے منسوخ

وزیر اعلیٰ ہاؤس کی گاڑیوں کےشیشوں پرسےسیاہ اسٹیکرزہٹا دیےگئے،کمشنر کراچی نے بھی اپنی گاڑیوں سے سیاہ اسٹیکرز ہٹا دیے.

کالے شیشے والی گاڑیاں سیکیورٹی رسک ہیں،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو کارروائی کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،کمشنرکراچی۔ فوٹو: فائل

لاہور:
کمشنر کراچی اور چیئرمین آر ٹی اے ہاشم رضا زیدی نے کالے شیشے والی تمام سرکاری و غیرسرکاری گاڑیوں کے اجازت نامے فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ ہدایت انھوں نے روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی بورڈکے 137ویں اجلاس کی اپنے دفتر میں صدارت کرتے ہوئے دیں ،ان ہدایات کے بعد محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے رنگین شیشے اور سن شیڈ کے سلسلے میں جاری تمام اجازت نامے منسوخ کر دیے ، کمشنر نے اجلاس میں موجود اے ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر قمر رضوی اور پانچوں ڈسٹرکٹ کے ایس پی ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ وہ کالے شیشوں ، فینسی نمبر پلیٹ ،اپلائیڈ فور رجسٹریشن اور نیلی بتیوں والی گاڑیوں کے خلاف بلا جھجک اور بغیر کسی دباؤ کے کارروائی کریں ۔

سید ہاشم رضازیدی نے سب سے پہلے اپنی سرکاری و پرائیویٹ گاڑیوں سے کالے شیشے اتار کر اس مہم کا آغاز کیا ،انھوں نے کہا کہ کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف مہم کے دوران اگر کوئی بھی سرکاری یا پرائیویٹ گاڑی کے ذمے دار اپنی گاڑیوں سے کالے شیشے اتارنے میں مزاحمت ، ہچکچاہٹ یا دباؤ ڈالے تو اس کی اطلاع فوری طور پر انھیں دی جائے کیونکہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے قانون سب کیلیے ایک ہے تاہم اگر کسی بھی طبی وجوہات یا بیماری کے پیش نظر کالے شیشے کی اجازت درکار ہو تو ان سے رجوع کیا جائے اور اس سلسلے میں صرف چیئرمین روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی ہی مجاز اتھارٹی ہے۔




انھوں نے کہا کہ کالے شیشے والی گاڑیاں سیکیورٹی رسک ہیں جن کی آڑ میں دہشت گرد ، تخریب کار اور جرائم پیشہ عناصر بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی اس سلسلے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اجلاس میں طے کیا گیا کہ وہ تمام گاڑیاں جو کہ اے ایف آر پر چل رہی ہیں اگر 3 ماہ سے زائد ہوگئے ہیں تو وہ فوری طور پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ سے رجوع کریں اور اپنی گاڑیوں کی اصل نمبر پلیٹ حاصل کریں اور نمبر پلیٹ تیار نہ ہونے کی صورت میں محکمہ ایکسائز سے دوسرا اجازت نامہ حاصل کریں کہ کب تک ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ جاری کردی جائیگی ۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کی تمام گاڑیوں کے شیشوں سے سیاہ اسٹیکر ہٹا دیے ، پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ نے گاڑیوں کے شیشوں پر سے سیاہ اسٹیکرز ہٹانے کا آغاز سب سے پہلے اپنی گاڑی سے کیا جس کے بعد دیگر گاڑیوں پر سے بھی سیاہ اسٹیکرز ہٹا دیے گئے ۔
Load Next Story