سوات خود کش حملے میں 11 اہلکار شہید اور13 زخمی آئی ایس پی آر

خودکش حملہ آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں کیا گیا، آئی ایس پی آر

خودکش حملہ آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں کیا گیا، آئی ایس پی آر - فوٹو: اسکرین گریپ

سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ پر خودکش حملے کے نتیجے میں افسر سمیت 11 اہلکار شہید اور 13 زخمی ہوگئے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سوات کے علاقے کبل میں آرمی یونٹ پر خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔



ترجمان پاک فوج کے مطابق خودکش حملہ آرمی یونٹ کے اسپورٹس ایریا میں کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔




وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سوات میں آرمی یونٹ پر خود کش حملے کی مذمت کی اور شہیدوں کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بزدل دشمن پاکستان کے بہادر جوانوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے اور ایسے حملے دہشت گردی کے خاتمے کے ہمارے عزائم کو روک نہیں سکتے۔



دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے سوات خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ پوری قوم کے لیے سرمایہ افتخار ہیں، پوری قوم ان کے حوصلوں کو سلام پیش کرتی ہے جب کہ دہشت گرد حملوں کے ذریعے پاکستان کا امن چھیننے کی ہرسازش ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے بیٹوں نے اپنے لہو سے امن کے چراغ روشن کیے، دہشت گردوں کو انہیں بجھانے نہیں دیں گے۔



چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سوات خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا اللہ ان بہادر جوانوں کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

Load Next Story