مشاہد حسین سید کا دوبارہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان

مشاہد حسین سید اپنی پرانی جماعت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان میڈیا کے سامنے کریں گے

مشاہد حسین سید نے چند روز قبل مسلم لیگ (ق) کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا : فوٹو : فائل

مشاہد حسین سید (ق) لیگ سے مستعفیٰ ہوکر دوبارہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئےہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشاہد حسین سید نے مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا رائیونڈ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مریم نواز، وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق اور سینیٹر پرویز رشید بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نوازشریف نے مشاہد حسین کو اپنے گھر لوٹنے اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا تاہم وہ اپنی پرانی جماعت میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان آج میڈیا کے سامنے کریں گے۔


اس موقع پر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ پاکستان کے استحکام، دفاع و ترقی کے لئے نوازشریف نے تاریخی کامیابیاں حاصل کیں، ملک کی سالمیت جمہوریت کی بالادستی سے مشروط ہے اور ہم ووٹ کے تقدس اور جمہوریت کی بالادستی کی جدوجہد میں نوازشریف کے ساتھ رہیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: مشاہد حسین مسلم لیگ (ق) کے بلا مقابلہ جنرل سیکریٹری منتخب

واضح رہے کہ مشاہد حسین سید نے چند روز قبل مسلم لیگ (ق) کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا جسے پارٹی صدر چوہدری شجاعت حسین نے قبول بھی کرلیا تھا۔ اور ذرائع کے مطابق مشاہد حسین سید کو مسلم لیگ(ن) کی جانب سے سینیٹ کا ٹکٹ دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔
Load Next Story