عوام نے نوازشریف کے حق میں فیصلہ دیکر بتادیا کہ صادق اور امین کون ہے مریم نواز

کیا کنٹینر پر چڑھ کر بیٹھے رہنے والا اور الزام لگانے والا پشاور کے عوام کا لیڈر ہوسکتا ہے، مریم نواز

عمران خان کا تعلیمی نظام کہاں ہے جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا،مریم نواز۔ فوٹو:فائل

KARACHI:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج پشاور نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے اور بتادیا ہے کہ صادق اور امین کون ہے۔

پشاور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج پشاور نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے کر بتادیا ہے کہ صادق اور امین کون ہے، آج مسلم لیگ (ن) کا سیلاب آیا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خوا کے عوام بہادر ہیں لہذا ان کا لیڈربھی بہادر ہونا چاہیے جب کہ کیا 5 سال سازشیں کرنے والا، کنٹینر پر چڑھ کر بیٹھے رہنے والا اور الزام لگانے والا لیڈر ہوسکتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عدل قائم کرنے کیلئے کشتیاں جلاکر میدان میں نکلے ہیں، نواز شریف

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے اگر 5 سال خدمت کی ہوتی تو آج کے جلسے میں بھی خالی کرسیاں ہوتیں جیسی کہ عمران خان کے جلسے میں تھیں، پشاور کے عوام نے 2013 میں عمران خان کو ووٹ دیا لیکن وہ جواب میں کینٹینر لے آئے اور پھر اس سے نیچے نہیں اترے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا تعلیمی نظام کہاں ہے جس کا انہوں نے وعدہ کیا تھا، وہ نظام تعلیم جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امیر اور غریب کو ایک جیسی تعلیم ملے گی جب کہ پشاور میں بین الاقوامی معیار کا ایک بھی اسپتال نہیں، لوگ علاج کے لیے پنجاب آتے ہیں۔


مریم نواز کا کہنا تھا کہ جب پشاور میں ڈینگی آیا، لوگ اسپتالوں میں جانیں دے رہے تھے لیکن خیبر پختونخوا کا لیڈر پہاڑوں پر چڑھ کر بیٹھا تھا، آج کے پی کے کا جم غفیر پوچھ رہا ہے کہ عاصمہ کا قاتل کہاں ہے، عمران خان جہاں جاتے ہیں پنجاب پولیس کو گالی دیتے ہیں لیکن ہم کے پی کے پولیس کو کچھ نہیں کہیں گے، خیبر پختونخوا کی پولیس نااہل نہیں عمران خان نا اہل ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : تختیاں لگانے والی اور کام کرنے والی حکومتوں میں فرق ہوتا ہے

رہنما مسلم لیگ(ن) مریم نواز نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں بھی پشاور سمیت پورے خیبر پختونخوا میں شیر دھاڑے گا، خیبر پختونخوا کے عوام وعدہ کریں کہ اپنے ووٹ کی توہین کا بدلہ مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیکر لیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز سوات خود کش حملے میں شہید ہونے والے پاکستان کے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور زخمیوں کو اللہ تعالیٰ جلدی صحت یاب کرے۔
Load Next Story