چیف جسٹس گرین لائن منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لیں ناصر شاہ

اٹھارہ کلومیٹر کے منصوبے پر پچاس فیصد 50 کام مکمل نہیں ہوا،ناصر شاہ

اٹھارہ کلومیٹر کے منصوبے پر 50 فیصد بھی کام مکمل نہیں ہوا، ناصر شاہ۔ فوٹو: فائل

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے چیف جسٹس سے گرین لائن منصوبے کی تاخیر کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے کراچی آکر جھوٹ بولا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ناصر حسین شاہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نااہل وزیر اعظم نے کراچی آکر جھوٹ بولا اور زخموں پر نمک پاشی کی کیوں کہ 18 کلومیٹر کے منصوبے پر 50 فیصد بھی کام نہیں ہوا اور نہ ہی پہلا اسٹیشن ابھی تک بنایا گیا جب کہ اسٹیشن بنانا بھی وفاقی حکومت کا کام ہے۔


ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ جو بسیں سڑکوں پر لانی تھیں اس منصوبے کے بننے تک ہم اُن بسوں کو روک رہے ہیں جب کہ ہمارے ذمے جو کام تھا وہ ہم نے مکمل کرلیا ہے لیکن وفاقی حکومت کو جو ڈیپو بنانے تھے اُس پر دو فیصد بھی کام نہیں ہوا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ گرین لائن منصوبے میں وفاق کو 22 اسٹیشن بنانے تھے مگر دو اسٹیشن بھی مکمل نہیں ہوئے منصوبہ مکمل طور پر تیار ہے ایسا کہیں نظر نہیں آ رہا ہے، نواز شریف نے کراچی آکر جھوٹ بولا چیف جسٹس پاکستان گرین لائن منصوبے کی تاخیر کا نوٹس لیں۔
Load Next Story