سلمان خان اب ’بھارت‘ میں نظر آئیں گے

سلمان خان کی نئی فلم ’بھارت‘ 2019ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی

یہ فلم 2014ء میں شمالی کوریا میں بننے والی فلم ’اوڈ ٹو مائے فادر‘ کا ہندی سیکوئل ہے جو 2019ء میں ریلیز کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

KOLKATA:
بھارت کے معروف ہدایت کار علی عباس ظفر نے فلم ' ٹائیگر زندہ ہے' کے بعد سلمان کی نئی فلم 'بھارت' کا اعلان کردیا۔

بالی ووڈ سلطان سلمان خان کا شمار انڈسٹری کے اُن بہترین اداکاروں میں ہوتا ہے جو اپنی منفرد اور حقیقی اداکاری کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہیں۔ سو کروڑ سے زائد مالیت کا بزنس کرکے باکس آفس پر ہلچل مچانے والی 'ٹائیگر زندہ ہے' اور 'سلطان' جیسی مشہور فلموں نے سلمان خان کو ایسا مقام دلایا ہے کہ مداحوں سمیت ہدایت کاروں کے لبوں پر سلو میاں کا ہی نام ہے۔

اب مداحوں کے لیے بڑی خبر یہ ہے کہ ان دونوں فلموں میں ہدایت کاری کے فرائض انجام دینے والے علی عباس ظفر نے سلمان خان کے ساتھ تیسری فلم بھی بنانے کا اعلان کردیا۔





بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم 'سلطان' اور'ٹائیگر زندہ ہے' کے معروف ہدایت علی عباس ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں سلمان خان کی نئی آنے والی فلم 'بھارت' کا اعلان کردیا۔ جس میں انہوں نے لکھا کہ فلم 'بھارت' پر بھرپور طریقے سے کام جاری ہے اور فلم کی کہانی لکھنے کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔

واضح رہے کہ علی عباس کی ہدایت کاری میں بننے والی سلمان خان کی فلم 'بھارت' 2014ء میں شمالی کوریا میں بننے والی فلم 'اوڈ ٹو مائے فادر' کا ہندی سیکوئل ہے جو 2019ء میں ریلیز کی جائے گی۔
Load Next Story