بھارتی اسپن جال میں الجھ کر پروٹیز بے حال

دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں مہمان اسپنرز نے جنوبی افریقی بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچادیا۔

چاہل نے 5 اور یادیو نے 3 پلیئرزکوپویلین چلتا کیا، بلو شرٹس نے ہدف 20.3 اوورز میں 1 وکٹ پرحاصل کرلیا۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور:
دوسرے ون ڈے میں اسپن جال میں الجھ کر پروٹیز بے حال ہوگئے جب کہ بھارتی رسٹ اسپنرز نے نامی گرامی جنوبی افریقی بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔

بھارت نے دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو 9 وکٹ سے شکست دے دی، اس کامیابی میں اس کے رسٹ اسپنرز یوزویندرا چاہل اور کلدیپ یادیو نے اہم کردار ادا کیا۔ میزبان ٹیم کو اپنے اہم پلیئرز فاف ڈو پلیسی اور ابراہم ڈی ویلیئرز کی فٹنس مسائل کی وجہ سے خدمات میسر نہیں تھیں، جس کی وجہ سے ٹیم کی قیادت صرف دو ون ڈے میچز کا تجربہ رکھنے والے ایڈین مارکرم کے سپرد کی گئی تھی۔

جنوبی افریقہ کا آغاز ہی مایوس کن تھا جب اس کی 4 اہم وکٹیں صرف 51 رنز پر گرگئیں، ہاشم آملا اور کوئنٹین ڈی کک پر مشتمل اوپننگ جوڑی صرف 39 رنز کی بنیاد فراہم کرنے کے بعد ہی ٹوٹ گئی، بھونیشور کمار کی گیند پر آملا کو کاٹ بی ہائنڈ قرار دیا گیا مگر میزبان بیٹسمین نے فوراً ہی ریویو لے لیا تاہم ری پلیز میں گیند کے بیٹ کو چھونے کی نشاندہی ہورہی تھی، جس پر آملا کو 23 کے انفرادی اسکور پر رخصت ہونا پڑا۔

دوسرے اوپنر ڈی کک بھی 20 رنز کو کافی سمجھتے ہوئے چاہل کی اٹھتی ہوئی گیند پر پل شاٹ کھیل بیٹھے جس کا انجام انھیں ڈیپ مڈ وکٹ پر موجود ہردیک پانڈیا کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ کپتان مارکرم (8) کلدیپ یادیو کی گیند کو ڈیپ مڈوکٹ پر ہی بھونیشور کمار کے ہاتھوں میں سونپ کر چلتے بنے۔ اسی اوور کی پانچویں گیند پر کلدیپ نے شارٹ مڈ وکٹ پر موجود اجنکیا راہنے کی مدد سے نئے بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کو بھی راستہ ناپنے پر مجبور کردیا، انھیں کھاتہ تک کھولنے کی مہلت نہیں ملی۔


اس موقع پر پال ڈومنی اور کھایا زوندو نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 48 رنز کی شراکت ہوئی تاہم اس کے بعد اگلی 6 وکٹیں صرف 19 رنز اضافے کے دورا ن ہی گرگئیں۔ زوندو (25) کو چاہل نے پانڈیا کی مدد سے قابو کیا جبکہ اتنے ہی انفرادی اسکور پر ڈومنی بھی چاہل کی ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

اگلے اوور میں یادیو نے کاگیسو ربادا (1) کو ایل بی ڈبلیو کیا، مورن مورکل (1) چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، عمران طاہر کو صفر پر جسپریت بمرا نے بولڈ کیا، کرس مورس کو 14 کے انفرادی اسکور پر بھونیشور کمار کا کیچ بنواکر چاہل نے پروٹیز اننگز کا 32.2 اوورز میں 118 رنز پر اختتام کردیا، انھوں نے صرف 32 رنز دے کر 5 وکٹیں لیں جبکہ کلدیپ یادیو نے 25 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بھارت نے 119 رنز کے معمولی ہدف کا تعاقب جارحانہ انداز میں کیا، پہلے ہی اوور میں روہت شرما نے مورن مورکل کو چھکا جڑا تاہم وہ 15 رنز بناکر مورکل کے ہی ہاتھوں کیچ ہوگئے، کامیاب بولر کاگیسو ربادا تھے، اس کے بعد پروٹیز کو کوئی کامیابی نصیب نہیں ہوئی، شیکھر دھون اور ویرات کوہلی نے دوسری وکٹ کیلیے ناقابل شکست 91 رنز کی شراکت جوڑ کر ٹیم کو 20.3 اوورز میں ہدف پر پہنچادیا، دھون 51 اور کوہلی 46 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ چاہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

 
Load Next Story