بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے تاج حیدر

پی پی کے سابق دور حکومت میں نادرا الیکشن کمیشن کو ڈیٹا اور سسٹم کی بریفنگ دے چکا تھا۔

نادرا نے کراچی کی آبادی کا ڈیٹا جو بھیجا تھا وہ مردم شماری کے ڈیٹا سے 50 فیصد زیادہ ہیں۔ فوٹو : آئی این پی/فائل

PESHAWAR:
سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ بیرونی ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کو انتخابات میں ان کو حق رائے دہی کی سہولت دی جائے۔

سینیٹر تاج حیدر نے بیرونی ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کو انتخابات میں ان کو حق رائے دہی کی سہولت دینے کے معاملے پر کہا ہے کہ 2013 ہی میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران نادرا اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرچکا تھا نیز یہ کہ نادرا الیکشن کمیشن کو اس ڈیٹا اور اس سسٹم کے بارے میں مکمل بریفنگ دے چکا تھا۔

تاج حیدر نے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی اپنے مستقل پتے کے حلقہ انتخاب میں رجسٹر کیے جاچکے تھے اور ہر ملک میں موجود ہمارے سفارت خانوں اور سفارتی دفاتر کو اس ڈیٹا تک خصوصی الیکٹرانک رسائی دی جاچکی تھی ان ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کو صرف اپنے سفارت خانے یا سفارتی مشن کے دفتر تک جانا تھا جہاں وہ الیکٹرانک طریقے سے اپنی مستقل رہائش کے حلقہ انتخاب میں اپنی پسند کے امیدوار کو ووٹ دے سکتے تھے اور یہ ووٹ فوری طورپر آن لائن اس امیدوار کو دیے گئے ووٹوں میں شامل کیا جا سکتا تھا۔


سینیٹر کا کہنا تھا کہ نواز حکومت میں کسی بھی ادارے میں کسی بھی لائق اور محنتی شخص کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے ہمیں اس بات پر کو ئی حیرت نہیں ہے کہ نادرا کے اس وقت کے چیئرمین کو بھی جواس ادارے کو کارکردگی کی اعلیٰ ترین سطح تک لاچکے تھے ہٹا دیا گیا لیکن اس بات کا کوئی جواز نہیں ہے کہ اس دور میں جمع کیے گئے، ڈیٹا اور بنائے ہوئے طریقہ کار کو بھی ختم کردیا جائے۔

سینیٹر تاج حیدر نے سوال کیا کہ کیا موجود ڈیٹا اور سسٹم کو مزید آگے بڑھانے کے بجائے بدنیتی پر مبنی نئے سرے سے کوئی نیا ڈیٹا اور نیا طریقہ کار متعار ف کرانے کی کوششیں کی جارہی تھیں؟

سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ بعینہ یہی کھیل نادرا کے 2013 میں جمع کردہ ہر حلقہ انتخاب میں آبادی کے اعداد و شمار کے ساتھ کھیلا گیا ہے۔

 
Load Next Story