پاکستان کی مدد کے بغیر ہی خطے میں امن قائم کریں گے افغان نائب وزیر خارجہ

پاکستان کی جانب سے کی جانے والی بمباری کےبعد فوجی حکام کا دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا ہے، افغان نائب وزیر خارجہ

افغانستان اور پاکستان کے درمیان کسی معاملے پر اتفاق رائے طے پایا تو بعد میں پاکستان اپنے وعدوں سے منحرف ہو گیا۔نائب وزیرخارجہ فوٹو: فائل

افغانستان کے نائب وزیر خارجہ جاوید لودین نے کہا ہے کہ افغان حکومت پاکستان کی مدد کے بغیر ہی اپنے ملک میں امن قائم کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا۔


غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے افغان نائب وزیر خارجہ جاوید لودین نے کہا کہ افغان حکومت بگرام جیل میں قید طالبان کے سینئر رہنماؤں کے ذریعے طالبان جنگجوں کو ہتھیار ڈالنے اور امن کی طرف بڑھنے کے لئے آمادہ کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ ماہ میں جب بھی افغانستان اور پاکستان کے درمیان کسی معاملے پر اتفاق رائے طے پایا تو بعد میں پاکستان اپنے وعدوں سے منحرف ہو گیا۔

جاوید لودین نے کہا کہ افغان حکومت نے افغانستان اور خطے میں امن قائم کرنے سے متعلق پاکستانی حکام کے نظرئیے میں تبدیلی رونما ہوتی دیکھی ہے اور اس رویے نے افغان حکومت کو کافی مایوس کیا ہے، پاکستان کی جانب سے افغانستان کے علاقوں میں بمباری کی گئی، پیر اور منگل کے روز پاکستان سے 2 درجن سے زائد مارٹر گولے افغانستان کے مشرقی علاقوں میں فائر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی بمباری کے بعد افغان فوجی حکام کا دورہ پاکستان بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story