جاتی امرا والوں کو کشمیر کا کوئی غم نہیں آصف زرداری

اس حکومت نے ریکارڈ قرضہ لیا اب یہ کون اتارے گا؟ شریک چیئرمین پیپلز پارٹی

اس حکومت نے ریکارڈ قرضہ لیا اب یہ کون اتارے گا؟ سابق صدر، فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ جاتی امرا والے کشمیر کا غم نہیں رکھتے، کشمیر پاکستان اور پیپلز پارٹی کی شہ رگ ہے۔



لاہور میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور پیپلز پارٹی کی شہ رگ ہے، جاتی امرا والے کشمیریوں کا غم اور پاکستان کی سوچ نہیں رکھتے، آپ کشمیر جا کر کشمیر کی بات نہیں کرسکتے تو وہاں جاتے ہی کیوں ہیں؟ آپ نے ہمارا اور پاکستان کا مینڈیٹ چوری کرلیا آپ نے جمہوریت کو سمجھا نہ مضبوط کیا آپ نے اپنی طاقت بڑھانے کے لیے پاکستان کی جڑیں کاٹی ہیں۔

یہ پڑھیں: پیپلز پارٹی کا جلسہ، جنگلہ گرنے سے متعدد کارکن زخمی




پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ عدالت میں بتایا گیا کہ اگر مشرف باہرجاتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اب آپ کو یاد آتا ہے کہ مشرف کو واپس لائیں گے، پیپلز پارٹی آج بھی طاقت رکھتی ہے یہ ہی جماعت ہے جو انہیں ٹھیک کرسکتی ہے، یہ حکومت سی پیک کو سمجھتی ہی نہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ سی پیک قرضہ لینے کی آرگنائزیشن ہے۔



سابق صدر کا کہنا تھا کہ پچھلے جلسوں میں کہا تھا کہ حکومت گراسکتے ہیں اب بلوچستان میں (ن) لیگ کی حکومت نہیں رہی۔ اگر اس بار نواز شریف کو چھوڑ دیا تو اللہ بھی ہمیں معاف نہیں کرے گا انہیں چھوڑیں گے نہیں اب انہیں نکال دیں گے۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ اس حکومت نے ریکارڈ قرضہ لیا اب یہ کون اتارے گا؟ کیا آپ کے بچے اتاریں گے؟ لیکن وہ تو پاکستان میں رہتے ہی نہیں۔

Load Next Story