پنجاب حکومت نے بچوں کے تحفظ کی کتاب اسکولوں میں متعارف کرادی

اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مرتب کردہ کتاب کا نام ’محفوظ بچے مضبوط پاکستان‘ ہے

اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مرتب کردہ کتاب کا نام ’محفوظ بچے مضبوط پاکستان‘ ہے فوٹو:فائل

پنجاب حکومت نے بچوں کے تحفظ کے عالمی دن پر نصاب میں نئی کتاب متعارف کرادی جس میں بچوں کو اپنے بچاؤ کی تدابیر سکھائی گئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مرتب کردہ کتاب کا نام 'محفوظ بچے مضبوط پاکستان' ہے۔ کتاب میں بچوں کو آگاہی فراہم کی گئی ہے کہ انہوں نے اسکول جاتے ہوئے کس طرح محفوظ رہنا ہے۔


کتاب میں بتایا گیا کہ بچوں نے اکیلے میں کسی اجنبی کے ساتھ نہیں جانا، بچے اپنے والدین کے علاوہ کسی کے ساتھ نہ جائیں اور نہ چیز لے کر کھائیں، اگر کوئی شخص بچوں کو اپنے ساتھ جانے کی کوشش کرے یا ان کے ساتھ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے تو اس کے بارے میں وہ اپنے والدین کو بتائیں۔

بچوں کو بتایا گیا کہ وہ اپنی حفاظت خود بھی کر سکتے ہیں، کسی بھی خطرے کی صورت میں آس پاس لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے شور مچائیں اور مدد حاصل کریں۔ نصاب میں بچوں کے والدین کو بھی ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ والدین بچوں کو بتائیں کہ وہ ان کے بہترین دوست ہیں، اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں، بچوں کو بتایا جائے کہ وہ اپنے جسم کو کسی کو چھونے نہ دیں ، گھبراہٹ کی صورت میں والدین اور استاد کو آگاہ کریں۔ جدید نصاب تعلیم میں اساتذہ کو بھی ان کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد عوام میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آگہی پیدا کرنا ہے۔ بچے کے ساتھ کوئی کسی قسم کا تشدد ،زیادتی اور غلط رویہ اختیار کرتا ہے تو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے نمبر 1121 یا پولیس کے 15 نمبر پر رابطہ کیا جائے۔

Load Next Story