الیکشن کمیشن نے اپنے دعوئوں کو عملی شکل نہیں دیمنور حسن

عوام کو محرومیوں کا شکار کرنیوالے ڈھول تاشے کیساتھ کاغذات نامزدگی داخل کروا رہے ہیں

کرپشن نے پہلے ہی ملک کنگال کر دیا، تمام جماعتیں اچھے اور باکردار امیدوار سامنے لائیں فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ ہم تمام جماعتوں سے اچھے اور باکردار امیدواروں کو سامنے لانے اور کالی بھیڑوں کو نکال باہرکرنے کی امید رکھتے ہیں۔

سیاسی جماعتیں آئین کی دفعہ 62-63 پر پورے اترنے والے امیدوار نامزد کریں اور آخری چھلنی الیکشن کمیشن کی ہو۔ پارٹیوں نے الیکشن میں پھر سے انھی کرپٹ اور نااہل لوگوں کو ٹکٹ جاری کیے تو ملک وقوم کا اﷲ ہی حافظ ہے، ملک پہلے ہی کرپشن کی وجہ سے کنگال ہو چکا ہے۔


تمام قومی وسائل لوٹ لیے گئے، مہنگائی اور غربت نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، اس ملک کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ان مسائل کو حل کر سکے۔ منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی کی لوٹ مار کی وہ پارٹی براہ راست ذمے دار ہوتی ہے جس نے اس کے تمام کرتوت جانتے ہوئے بھی اسے نامزد کیا۔



انھوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن جو دعوے کرچکا ہے ابھی تک انہیں عملی شکل دینے کی طرف کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا اور وہی پرانے چہرے ڈھول ڈھمکے کے ساتھ کاغذات نامزدگی داخل کراتے نظر آتے ہیں جنھوں نے عوام کو محرومیوں کاشکار کیا اور ملک وقوم کو موجودہ بحرانوں سے دوچار کرنے کے ذمے دار ہیں۔ انھوں نے جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں پر زور دیا کہ ایسے لوگوں کا راستہ روکنے کیلیے عوام کو ساتھ ملا کر بھرپور جدوجہد کریں۔
Load Next Story