فلم کی تشہیری مہم میں سگار پینے پر سیف علی خان کے خلاف شکایت درج

اپنے پسندیدہ اداکار کو سگریٹ پیتے دیکھنا لوگوں کو سگریٹ نوشی کی طرف مائل کرنے کا سبب بن سکتا ہے، شیکھر سلکار

سیف ایک عوامی شخصیت اوربعض لوگ انہیں اپنا آئیڈیل سمجھتے ہوں گے لہٰذا ان کو ایسی حرکتوں سے گریز کرنا چاہئے،شیکھرسلکارفوٹو: اے ایف پی/ فائل

بھارت میں انسداد تمباکو نوشی کے محکمہ نے پولیس میں بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو سگریٹ نوشی کے خلاف بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تمباکو نوشی کے خاتمے کے لئے بنائے گئے محکمہ کے جنرل سیکریٹری شیکھر سلکار نے شمالی گوا کے ڈسٹرکٹ کلیکٹر اور انسپیکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کرکے سیف علی خان کے خلاف سگریٹ نوشی کی روک تھام کے لئے بنائے گئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر شکایت درج کرائی ہے۔


شیکھر سلکار نے کہا کہ سیف کی نئی آنے والی فلم "گو گوا گون" کی تشہیری مہم کے لئے مختلف اخبارات اور انٹرنیٹ پر سیف کی جو تصاویر شائع کی گئیں ہیں ان میں سیف کو سگار پیتے دکھایا گیا ہے، یہ تصاویر نہ صرف گوا بلکہ پورے بھارت میں لوگوں نے دیکھی ہیں اور اپنے پسندیدہ اداکار کو سگریٹ پیتے دیکھنا ان لوگوں کو سگریٹ نوشی کی طرف مائل کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف علی خان عوام میں ایک مقبول شخصیت ہیں اور ان کا سگریٹ پینا سگریٹس اور تمباکو نوشی پراڈکٹس ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

شیکھر سلکار نے سیف علی خان کو بھی اس سلسلے میں ایک خط تحریر کیا جس میں انہوں نے سیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسی مشہور شخصیت کو عوام میں اپنے کردار اور حرکات کا خاص خیال رکھنا چاہئے کیونکہ آپ کو آئیڈل سمجھنے والے کافی لوگ ان تصاویر سے متاثر ہو کر سگریٹ نوشی شروع کر سکتے ہیں جو کہ ایک بری عادت ہے اور انسان کو جان لیوا بیماری کینسر میں بھی مبتلا کرنے کا باعث بنتی ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story