عامر خان جب تک سازش نہیں کرلیتے انہیں نیند نہیں آتی سلمان مجاہد

عامر خان 15 ہزار کارکن شہید کرنے کے ذمے دار ہیں، سلمان مجاہد بلوچ

پی ایس پی میں شامل ہونے والے سلمان مجاہد نے دوبارہ ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ کو جوائن کرلیا - فوٹو : فائل

ایم کیو ایم پاکستان میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے والے سلمان مجاہد کا کہنا ہے کہ عامر خان 15 ہزار کارکن شہید کرنے کے ذمے دار ہیں اور وہ جب تک سازش نہیں کرلیتے انہیں نیند نہیں آتی۔

متحدہ قومی موومنٹ سے ناراضگی کے بعد پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنما سلمان مجاہد بلوچ نے بی آئی بی پہنچ کر فاروق ستار سے ملاقات کی اور دوبارہ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پی آئی بی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان مجاہد بلوچ کا کہنا تھا کہ 5 سے 6 لوگوں کی وجہ سے ایم کیو ایم چھوڑی تھی لیکن مجھے واپسی کی ہمت دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔


سلمان مجاہد بلوچ کا کہنا تھا کہ فاروق بھائی بھولے اور معصوم شخص ہیں اور وہ ایم کیو ایم کو بچانے والے مسیحا ہیں، آج لیڈر بننے والا کوئی بھی شخص اس وقت فاروق ستار کے ساتھ نہیں تھا جب کہ مجھے کہا گیا تھا کہ فاروق ستار اور کامران ٹیسوری مجھے پارٹی میں شامل نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ چند منافقین نہیں چاہتے کہ فاروق ستار پارٹی کی سربراہی کریں اور یہ لوگ فاروق ستار اور ایم کیو ایم کے مثبت تاثر کے خلاف سازش کررہے تھے، حلفیہ کہتا ہوں کہ اس انکشاف کے بعد آلہ کار بننے کے لیے تیار نہیں تھا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ اصل جھگڑا سینیٹ کی نشست کا نہیں ہے، کامران ٹیسوری جیسا مضبوط سیاستدان فاروق ستار کو ملا جب کہ عامر خان سازشی شخص ہیں اور وہ 15 ہزار کارکن شہید کرنے کے ذمے دار ہیں، عامر خان جب تک سازش نہیں کرلیتے انہیں نیند نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 92 میں حقیقی بنائی گئی وہی سازش آج بھی کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فاروق ستار نے ایک روز پہلے ہی ناراض اراکین کو آنے کی دعوت دی تھی اور ایم کیو ایم سے ناراض 3 مزید اراکین کی بھی پی آئی بی آمد متوقع ہے۔
Load Next Story