رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو ہٹا کر خالد مقبول صدیقی کو کنوینر مقرر کردیا
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس بات کا اعلان رابطہ کمیٹی کے ارکان نے بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عامر خان، خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل، نسرین جلیل اور دیگر متحدہ رہنما موجود تھے۔ ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ نے کہا کہ یہ فیصلہ ہمارے لیے بہت تکلیف ہے لیکن ہم مجبور ہیں اور فاروق ستار کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی کنوینر شپ سے برطرف کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔
یہ پڑھیں: ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ جاری کردیا
ڈپٹی کنوینر نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے بار بار کہنے کے باوجود پارٹی کے گوشوارے جمع نہیں کرائے گئے جس پر الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم کی پارٹی رجسٹریشن منسوخ ہوگئی تھی اس ساری غلطی کی ذمہ داری فاروق ستار پر عائد ہوتی ہے،فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے اختیارات کئی بار استعمال کیے،ایسی بہت ساری باتیں ہیں تاہم صرف چند فیصد آپ سے شیئر کی جارہی ہیں درحقیقت فاروق ستار نے دھوکے سے خود کو پارٹی کا سر براہ بنایا۔
اس خبرکو بھی پڑھیں: کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے پرمتحدہ 2 دھڑوں میں تقسیم
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ کہنا کہ ہم سینیٹ کے ٹکٹوں پر لڑ رہے ہیں درست نہیں ہمیں سینیٹ و قومی اسمبلی کے ٹکٹوں سے کوئی غرض نہیں سارے ٹکٹ انہیں ہی مبارک ہوں یہ عمل کبھی ہمارے مطمع نظر نہیں رہا۔
خیال رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان دو دھڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے ایک دھڑے کی قیادت پارٹی کنوینر و سربراہ فاروق ستار جب کہ دوسرے دھڑے کی قیادت ڈپٹی کنوینر عامر خان کررہے ہیں جن کے ساتھ رابطہ کمیٹی کے بڑی اکثریت میں 20 ارکان موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کامران ٹیسوری کو معطل کرنے والے رابطہ کمیٹی ارکان معطل
یہ بھی یاد رہے کہ پارٹی میں اندرونی اختلافات کئی ماہ سے جاری تھے تاہم یہ اختلافات اس وقت میڈیا پر منظر عام پر آئے جب کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ دینے کا معاملہ ہوا تو یہ اختلافات دھڑے بننے کا سبب بن گئے۔