قسمت ویرات کوہلی الیون کا ساتھ چھوڑ گئی

ڈیوڈ ملر کو ایک ہی اوور میں ملنے والے دو چانسز نے بھارتی فتوحات کو بریک لگادیے۔

جنوبی افریقہ بارش سے متاثرہ چوتھا ون ڈے 5 وکٹ سے جیت کر سیریز میں واپس آگیا۔ فوٹو: اے ایف پی

قسمت کے ساتھ چھوڑنے پر ویرات کوہلی کف افسوس ملنے لگے، ڈیوڈ ملر کو ایک ہی اوور میں ملنے والے دو چانسز نے بھارت کے فاتحانہ سفر کو بریک لگادیا۔

بھارت کو چوتھے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بارش سے متاثرہ میچ میں 5 وکٹ سے شکست ہوئی، ابتدائی تینوں مقابلوں میں کامیابی سمیٹنے والی مہمان ٹیم کی نگاہیں سیریز میں حتمی برتری پر مرکوز تھیں مگر ایک ہی اوور میں ڈیوڈ ملر دو مرتبہ آؤٹ ہونے سے بچے جس کی بھارتی ٹیم کو بھاری قیمت چکانا پڑی۔

اس طرح پروٹیز نے 28 اوورز میں بارش کی وجہ سے ملنے والا 202 کا نظر ثانی شدہ ہدف صرف 5 وکٹ گنوا کر 15 بالز قبل ہی حاصل کرلیا تھا۔ اس مقابلے میں بھی میزبان ٹیم کی کامیابی کے امکانات اس وقت کم ہوگئے تھے جب ڈی ویلیئرز پویلین واپس لوٹنے والے چوتھے کھلاڑی بنے اور اس وقت بھی 67 بالز پر جیت کیلیے مزید 100 رنز درکار تھے، اگلے اوور میں لیگ اسپنر چاہل کی گیند پر شریاس آئیر نے ڈیوڈ ملر کا ڈیپ اسکوائر لیگ میں کیچ ڈراپ کردیا تھا۔


اسی اوور میں جب ملر دوبارہ اسٹرائیک پر آئے تو سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے مگرامپائرز نے ری پلیز میں یوزویندرا چاہل کا فرنٹ فٹ لائن سے باہر جاتا دیکھ کر نوبال قرار دیتے ہوئے ملر کو واپس بلایا جنھوں نے بعد میں نہ صرف خود 39 رنز بنائے بلکہ انھوں نے کلاسین کیساتھ مل کر برق رفتار 72 رنز کی شراکت بھی کی۔

کلاسین کو 27 بالز پر ناٹ آؤٹ 43 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ موسم نے دوبار مداخلت کی ایک بار جب بھارت 2 وکٹ پر 200 رنز بنا چکا تھا تب اسٹیڈیم کے قریب میں بجلی گرنے پر تھوڑی دیر کیلیے مقابلہ رکا اور پھر دوسری بار جب پروٹیز کا اسکور 7.2 اوورز میں ایک وکٹ پر 43 تھا تب بارش نے دخل اندازی کی، موسم صاف ہونے پر کھیل شروع ہوا تو پروٹیز کے سامنے 20.4 اوورز میں مزید 159 رنز کا ٹارگٹ تھا جوکہ انھوں نے 25.3 اوورز میں 5 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ یادیو نے دو وکٹیں لی تھیں۔

 
Load Next Story