سہ ملکی ہاکی پاکستان اور جاپان کا مقابلہ 22 سے برابر

جاپانی ٹیم کے آخری لمحات میں دوگول،ابوبکر نے پی سی کارآمد بناکرمیچ ڈرا کیا

جاپانی ٹیم کے آخری لمحات میں دوگول،ابوبکر نے پی سی کارآمد بناکرمیچ ڈرا کیا۔ فوٹو:فائل

سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جاپان کا مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔

مسقط کے سلطان قابوس اسپورٹس کمپلیکس میں جاری ایونٹ میں پاکستان کا دوسرا مقابلہ جاپان سے ہوا، گرین شرٹس نے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا، 10 ویں منٹ میں شجیع سعید نے خوبصورت گول کرتے ہوئے پاکستان کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام سے 6 منٹ قبل تک برقرار رہی، 54ویں منٹ میں شوتا یمادا نے پنالٹی کارنر پر گول کیا جس کے فوری بعد یاماساکی نے گول کرتے ہوئے مجموعہ 2-1 کر دیا۔


قومی ٹیم شکست کے قریب تھی تاہم ابوبکر محمود نے کھیل ختم ہونے سے صرف 2 منٹ قبل پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے مجموعہ 2-2 کر دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں میزبان اومان کے خلاف 3-0 سے کامیابی سمیٹتے ہوئے فاتحانہ آغاز کیا تھا، ایونٹ میں میزبان اومان کے علاوہ پاکستان اور جاپان کی ٹیمیں شریک ہیں، ہر ٹیم ایک دوسرے کے خلاف 2,2 میچز کھیلے گی جس کے بعد ٹاپ 2 ٹیموں کے مابین فائنل کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس ہفتے کو دوبارہ اومان کے مدمقابل ہوں گے۔

 
Load Next Story