ڈرائیونگ لائسنس نظام ہیک 26 برانچوں کا رابطہ معطل

 مرکزی سرور کا رابطہ برانچوں سے منقطع، لائسنس کے کوائف نظام میں محفوظ نہیں ہورہے۔

کلفٹن، ناظم آباد،کورنگی برانچ آنیوالے شہری پریشان،آئی ٹی ماہرین نے ایکسپرٹ طلب کرلیا۔ فوٹو : فائل

سندھ میں ڈرائیونگ لائسنس کا کمپیوٹرائزڈ نظام ہیکرز کے حملے کی وجہ سے معطل ہوگیا ہے۔

ڈرائیونگ لائسنس کے کمپیوٹرنظام میں فنی خرابی کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کی 26 برانچوں میں کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا رک گیا ہے جس کے باعث جمعے کی صبح کراچی سمیت سندھ بھر کی ڈرائیونگ برانچوں کا رخ کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ فرحت جونیجو نے ایکسپریس کو بتایا کہ سندھ پولیس کے مرکزی دفتر میں قائم ڈرائیونگ لائسنس کے مرکزی کمپیوٹر نظام (سرور) میں فنی خرابی آئی ہے جس کے باعث کراچی میں قائم ڈرائیونگ لائسنس کی 3 برانچوں اور اندرون سندھ کی23 برانچوں میں کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا رک گیا ہے ۔


فرحت جونیجو نے بتایا کہ صبح سے آئی ٹی ماہرین پر2 ٹیکنیکل ٹیمیں خرابی دورکرنے کے لیے کام کررہی ہیں اورامید ہے کہ جلد از جلد خرابی دور کرکے کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا دوبارہ شروع کردیا جائے گا ڈی آئی جی نے بتایا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے مرکزی نظام پر ہیکرز کا حملہ ، فائر وائر اور بریک سسٹم میں لگائی جانے والی سیکیورٹی کو بریک کیے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے آئی ٹی ماہرین کی ٹیکنیکل ٹیمیں اپنا کام کررہی ہیں اور کام مکمل ہونے کے بعد حتمی وجہ سامنے آسکے گی شام کو آئی ٹی ٹیموں نے اپنا کام مکمل کرکے خرابی دورکردی ہے تاہم نظام کو آن لائن نہیں کیا جاسکا۔

اس سلسلے میں آئی ٹی ماہرین ایک اور ایکسپرٹ کو طلب کیا ہے تاکہ وہ اپنی رائے دے سکے انھوں نے بتایا کہ آئی ٹی ماہرین مکمل اطمینان کرنے کے بعد پہلے مرحلے میں کراچی کی برانچز کو آن لائن اور دوسرے مرحلے میں دیگر برانچوں کو آن لائن کریں گے انھوں نے بتایا کہ جمعے کی صبح شہریوں کی بڑی تعداد کلفٹن، ناظم آباد،کورنگی اور اندرون سندھ قائم ڈرائیونگ لائسنس برانچز پہنچے، ڈرائیونگ لائنسنس برانچز کے عملے نے شہریوں کو ٹیکنیکل خرابی کے حوالے سے بتایا جس پر شہری واپس چلے گئے۔

ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں روزانہ کی بنیاد پر900 سے 100 ہزار پرمننٹ اور 1100سے 1200 کے درمیان عارضی ڈرائیونگ لائسنس بنائے جاتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمننٹ لائسنس ایک مہینے میں 300 سے 400 کے درمیان بنائے جاتے ہیں۔
Load Next Story