کہا تھا سارے لیڈر مقدم ہیں میڈیا نے معاملہ کیا سے کیا کر دیا چیف جسٹس

ہم صرف صورتحال سمجھنا چاہ رہے تھے کہ اگر کوئی مختلف بندہ پارٹی سربراہ بن جائے تو کیا ہوگا، جسٹس ثاقب نثار

آبزرویشن مفروضے پر مبنی تھی، غلط خبروں پر بھی دوسری جانب سے جواب آتا ہے،ریمارکس۔ فوٹو:فائل

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اخبارات میں شائع ہونے والے اپنے بعض ریمارکس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پچھلے روز پارٹی صدارت کیس میں واضح طور پرکہا تھا کہ سارے لیڈرز اچھے اور مقدم ہیں۔


ایک مقدمے کی سماعت کے دوران جب ایک وکیل نے چیف جسٹس کی ستائش کی تو چیف جسٹس نے کہا ہم کچھ کہہ دیتے ہیں اور میڈیا میں کچھ رپورٹ ہوتا ہے۔ پچھلے روز ہم نے کسی لیڈر سے متعلق بات نہیں کی تھی بلکہ صرف ایک مخصوص صورتحال سمجھنے کی کوشش کررہے تھے کہ اگر کوئی مختلف کردار پارٹی سربراہ بن جائے تو پھر کیا ہوگا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا نے اس معاملہ کو پکڑ کر کیا سے کیا کر دیا، اب کیا کہہ سکتے ہیں ہم کیس سنتے ہیں اور کوشش ہوتی ہے کہ انصاف ہی ہو۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تمام سیاسی لیڈر ہمارے لئے قابل احترام ہیں، جمعرات کے روز کی آبزرویشن صرف ایک مفروضہ پر مبنی تھی، میڈیا خبروں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلاتا ہے جب کہ غلط خبروں پر بھی دوسری جانب سے جواب آتا ہے۔
Load Next Story