فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں نواز شریف

لاڈلہ خود سبق نہیں سیکھے گا بلکہ قوم اسے سبق سکھائی گی، سابق وزیر اعظم

لودھراں کےعوام نےجھوٹ بولنے والوں کو رد کردیا، نواز شریف فوٹو: این این آئی

KARACHI:
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ لودھراں کے عوام نے ثابت کردیا کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔



لودھراں میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 1985 سے عوام کی خدمت کررہا ہوں، میرے بعد شہباز شریف نے جو خدمت کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ میں اب وزیر اعظم نہیں رہا ، مجھے نکال دیا گیا ہے، مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہوا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔ عوام کو آئندہ انتخابات میں بڑے فیصلے کرنے ہیں، اس ملک میں گزشتہ 70 برسوں سے جو کچھ ہوتا آیا ہے اسے بدلنا ہے، ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرنی ہے۔



نواز شریف نے کہا کہ لودھراں کےعوام نےجھوٹ بولنے والوں کو رد کردیا، عوام نے ثابت کیا کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں، لودھراں کے عوام کا فیصلہ آج ہر جگہ گونج رہا ہے، 2018 کے انتخابات میں ملک کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا، لاڈلہ کہتا ہے کہ لودھراں سے سبق سیکھیں گے، وہ خود سبق نہیں سیکھے گا قوم اسے سبق سکھائی گی۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: زرداریوں، مداریوں اور جھوٹے کھلاڑیوں کو شکست ہوگی



وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بجلی کے منصوبے لگانے کے بجائے قوم کی رقم لوٹی اور چلے گئے، اور جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو ملک میں بجلی نہیں تھی، لیکن پھرہم نے نواز شریف کی قیادت میں بجلی کے نئے منصوبے شروع کئے اور آج ملک سے لوڈ شیڈنگ کا تقریباً خاتمہ ہو چکا ہے، دہشت گردی کو پاک فوج کی مدد سے مات دی، آج بلوچستان، کراچی اور خیبرپختوان خوا امن کا گہوارہ بن گیا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان جھوٹوں کے آئی جی ہیں، انہوں نے خیبرپختون خوا میں ایک میگا واٹ بھی بجلی پیدا نہیں کی، چیئرمین پی ٹی آئی نے خود کہا تھا کہ لودھراں میں چوروں اور ڈاکوؤں کی شکست ہوگی، اللہ کے فضل سے لودھراں میں چوروں اور ڈاکوؤں کو شکست ہوگئی، عوام نے 5،5 ہزار کی رشوت کو ٹھکرا دی اور اے ٹی ایم مشین کو اکھاڑ کر دریائے ستلج میں پھینک دی، عوامی عدالت نے قرضے معاف کرانے والے کے ساتھ انصاف کردیا۔

Load Next Story