دورئہ زمبابوے کی ممکنہ منسوخی پاکستانی کرکٹرز کیلیے متبادل مصروفیت تیار

سری لنکا لیگ کے فیصلے پر قائم،شیڈول سی پی ایل اورٹی ٹوئنٹی بلاسٹ سے متصادم

سری لنکا لیگ کے فیصلے پر قائم،شیڈول سی پی ایل اورٹی ٹوئنٹی بلاسٹ سے متصادم۔ فوٹو : اے ایف پی

زمبابوے سے سیریز کی ممکنہ منسوخی پرپاکستانی کرکٹرزکیلیے متبادل مصروفیت تیار ہوگی۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنی لیگ کیلیے رواں سال 18اگست سے 10ستمبر تک کی تاریخیں طے کرلی ہیں،کیریبیئن پریمیئر لیگ 8اگست سے 16ستمبر تک ہونی ہے،اس عرصے میں ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ سمیت انگلش سیزن بھی عروج پر ہوگا۔

شیڈول دونوں ایونٹس سے متصادم ہونے کے باوجود سری لنکا اپنا ایونٹ کسی اور موقع پر کرانے کیلیے ونڈو تلاش نہیں کرسکا،6ٹیموں پر مشتمل ایل پی ایل میں پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ملکوں کے کرکٹرز کی خدمات بھی حاصل کرنے کی کوشش ہوگی، اس طرح زمبابوے کیخلاف سیریز کی ممکنہ منسوخی پر گرین شرٹس کو متبادل مصروفیت مل جائے گی۔


دونوں ملکوں کے مابین گہرے مراسم کی وجہ سے پاکستان کرکٹرز کی اکثریت کو پی سی بی کسی اور لیگ کے بجائے سری لنکا بھجوانے کا فیصلہ کرسکتا ہے،بھارت آئی پی ایل کے سوا اپنے کرکٹرز کو کسی بھی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا لیکن سری لنکن بورڈ پُرامید ہے کہ ایل پی ایل کے موقع پر یہ روایت بدل جائے گی۔

آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیشی ٹیموں کی مصروفیات نہ ہونے کے سبب سری لنکا کو بڑے کرکٹرز کی اچھی کھیپ لیگ کیلیے میسر آ سکتی ہے۔ یاد رہے کہ آئی لینڈرز 2012میں اسی نوعیت کے ناکام ایونٹ کا انعقاد کرچکے ہیں۔

 
Load Next Story