ملائیشیا میں ہوم سیریز امیدوں کا محل بننے سے قبل ہی بکھرنے لگا

امارات سے دلبرداشتہ پی سی بی کو حتمی فیصلہ کرنے سے قبل سوبار سوچنا ہوگا۔

اکتوبرمیں آسٹریلیا اورکیویزسے میچزکے وقت موسم کی مداخلت پریشان کریگی۔ فوٹو: فائل

HARIPUR:
ملائیشیا میں ہوم سیریز کرانے کیلیے امیدوں کا محل بننے سے قبل ہی بکھرنے لگا۔

سری لنکن ٹیم پر 2009میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان نے اپنی تمام ہوم سیریز یواے ای میں ہی کھیلی ہیں،اس دوران صرف زمبابوے کی ٹیم 2015میں محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کیلیے لاہور آئی، پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز بھی امارات میں ہوئے،صرف گذشتہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا،ورلڈ الیون کیخلاف آزادی کپ سیریز اور سری لنکاکی واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبانی بھی لاہور میں کی گئی۔

ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے بارے میں کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہی جا سکتی لیکن یواے ای میں بھی حالات پہلے جیسے نہیں رہے،اکتوبر میں شارجہ میں افغان لیگ کرانے کی پلاننگ ہو رہی ہے،پاکستان کو اس دوران یواے ای میں ہی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرنا ہے، اس دوران ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جانے ہیں، اس صورتحال میں کم از کم شارجہ میں میچز تو نہیں ہوسکیں۔

امارات کرکٹ بورڈ ہر سال جنوری میں عریبین لیگ کرانے کیلیے بھی پر تول رہا ہے، پی ایس ایل سے عین ایک ماہ قبل ایونٹ کا انعقاد پی سی بی کے مالی مفادات کو ٹھیس پہنچا سکتا ہے، یواے ای میں اخراجات بھی زیادہ ہوتے ہیں، پاکستان ملائیشیا کو متبادل ممکنہ نیوٹرل وینیو کے طور پر دیکھ رہا ہے جب کہ چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی امکانات کا جائزہ لینے کیلیے ملائیشیا جانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔


ماہرین کا کہنا ہے کہ وہاں کے انفرا اسٹرکچر کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی فل ممبرز کے مابین سیریز کرانا ایک مشکل اور چیلنج فیصلہ ثابت ہوسکتا ہے، ملائیشیا ایک ایسوسی ایٹ ملک ضرور ہے لیکن ابھی تک وہاں جونیئر سطح کے بیشتر ایونٹس ہی ہوئے ہیں۔

حال ہی میں انڈر19ایشیا کپ کی میزبانی سے قبل وہاں جونیئر ورلڈکپ 2008بھی کھیلا گیا تھا،اے سی سی کے تحت بھی چند جونیئر ایونٹس ہوچکے،2006میں وہاں آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹرائنگولر سیریز سینئر سطح پر ہونے والا سب سے بڑا ایونٹ تھا،میچز ایک ہی وینیو کنارا اکیڈمی اوول میں ہوئے،اس کے 8سال بعد ایسوسی ایٹ ٹیموں افغانستان، ہانگ کانگ اور یواے ای نے ون ڈے میچز کھیلے،سیلنگور ٹرف کلب کوالالمپور سمیت زیادہ تر وینیوز پر اکا دکا فرسٹ کلاس میچز ہی ہوئے ہیں۔

فل ممبرز کے مابین ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے موزوں وینیوز کا فیصلہ کرتے ہوئے پی سی بی کو سوبار سوچنا ہوگا۔

چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی نے پہلی کوشش کے طور پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کی میزبانی ملائیشیا میں کرنے کا ارادہ ظاہر کیا،البتہ اکتوبر میں وہاں تسلسل کے ساتھ ہونے والی بارشیں امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہیں،اس دوران ملک میں ہر دوسرے اور تیسرے روز رم جھم معمول کی بات ہے۔
Load Next Story