خواتین کوووٹ ڈالنے سے روکنے والے پر مقدمہ درج کیا جائے گا الیکشن کمشنرخیبر پختونخوا
الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سونو خان بلوچ کا کہنا ہے کہ اگرکسی نے خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
پشاو میں میڈیا کے نمائندوں بات کرتے ہوئے سونوخان بلوچ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں الیکشن کی تیاریاں جاری ہیں اور خواتین کے لئے صوبے اورفاٹا میں الگ پولنگ اسٹیشنز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کوووٹ ڈالنے سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے اوراگرکسی نے انہیں ووٹ ڈالنے سے روکا تو اس کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ اور ضابطہ فوجداری کے تحت مقدمے قائم کئے جائیں گے۔
الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ اقلیتی اورخواتین کی مخصوص نشست کے لئے بعض امیدواروں نے اپنی آمدنی صفر ظاہرکی ہے جبکہ کاغذات نامزدگیوں میں بعض امیدواروں نے لکھاکہ ان کے پاس مکان نہیں ہے۔