چاروں سابق وزرائے اعلیٰ میں رئیسانی امیر قائم علی شاہ غریب

اسلم رئیسانی 52کروڑ 20لاکھ کے مالک، اثاثے ایک سال میں 17کروڑ سے تجاوز کرگئے

اسلم رئیسانی 52کروڑ 20لاکھ کے مالک، اثاثے ایک سال میں 17کروڑ سے تجاوز کرگئے

MELBOURNE:
ملک کے غریب ترین صوبہ بلوچستان کے سبکدوش ہونیوالے وزیراعلیٰ اسلم رئیسانی کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران 17کروڑ 10لاکھ سے زائد اضافے کا انکشاف ہوا ہے اور وہ 52کروڑ 20لاکھ کے اثاثہ جات کیساتھ چاروں سابق وزرائے اعلیٰ میں امیر ترین ہیں، قائم علیشاہ ایک کروڑ ساڑھے 64لاکھ کے اثاثوں کیساتھ غریب ترین سابق وزیراعلیٰ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے گوشواروں کے مطابق نواب اسلم رئیسانی کے پاس 52کروڑ 20لاکھ روپے کے اثاثے موجود ہیں جن کی مالیت گزشتہ سال 35کروڑ 10لاکھ بتائی گئی تھی، ان گوشواروں میں 43کروڑ 45لاکھ کے اثاثوں کی تفصیلات نہیں دی گئیں، 2ہارلے ڈیوڈسن موٹرسائیکل، ایک مرسڈیز اسپورٹس کار، ایک جدید ترین ہمر ایچ ٹوجیپ اور اسلام اباد میں ایک گھر بھی انکی ملکیت میں شامل ہے۔

سابق وزیر اعلی نے زرعی اراضی سے سالانہ آمدن ایک کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان کے مقابلے میں سب سے بڑے صوبے پنجاب کے سابق وزیراعلی شہبازشریف اور انکی 2 بیگمات کے اثاثوںکی مالیت 41کروڑ 60لاکھ روپے ہے، انکی پہلی بیوی نصرت شہباز کے اثاثوں کی مالیت 26کروڑ 90لاکھ ہے جبکہ شہباز شریف کے اپنے اثاثوں کی مالیت 14کروڑ 64لاکھ سے زائد اور انکی دوسری اہلیہ تہمینہ درانی ایک کروڑ روپے کی مالک ہیں۔ وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوتے وقت شہباز شریف نے بتایا تھا کہ انکے اثاثوں کی مالیت ساڑھے 11 کروڑ روپے ہے، اسطرح شہباز شریف کے اثاثوں میں 3کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا ۔




گوشواروں کے مطابق 30جون کو شہباز شریف کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 25کروڑ 86لاکھ 90ہزار روپے ہے جبکہ ان پر لندن میں 7لاکھ 62ہزار 69پائونڈ قرضہ بھی واجب الادا ہے۔ ادھر خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلی امیر حیدر ہوتی کے اثاثوں کی مالیت 9کروڑ روپے ہے۔ وہ ایک ایسے خان ہیں جن کے پاس کوئی زمین نہیں، انکی اہلیہ کے پاس ورثہ میں ملی 561کنال اراضی ہے جسکی مالیت 7کروڑ 20لاکھ روپے ہے۔

اہلیہ کے 2سی این جی اسسٹیشنز، دبئی میں کاروبار اور کچھ طلائی زیورات بھی ہیں، امیر حیدر ہوتی کے پاس صرف ایک گاڑی ہے جبکہ بینکوں میں 11لاکھ روپے موجود ہیں۔ سندھ کے سابق وزیراعلی قائم علیشاہ ان وزرائے اعلی میں غریب ترین ہیں انکے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ ساڑھے64لاکھ بتائی گئی ہے، انکی آمدنی کا واحد ذریعہ 70ایکڑ زرعی زمین ہے جبکہ کوئی کاروبار نہیں، انکے خاندان کے پاس صرف ایک کار ہے جو انکی بیٹی مونا شاہ کی ملکیت ہے، انکی جائیداد کی کل مالیت70لاکھ روپے بتائی گئی ہے جس میں ڈیفنس میں 32لاکھ روپے کا ایک گھر بھی شامل ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story