بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی انتقال کرگئیں

اداکارہ کی عمر 55 سال تھی اور وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھیں

اداکارہ کی عمر 55 سال تھی اور وہ عارضہ قلب میں مبتلا تھیں، فوٹو: فائل

بالی ووڈ کی لیجنڈ اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی عمر 55 سال تھی، وہ دبئی میں اپنے خاوند بونی کپور اور بیٹی کے ہمراہ موجود تھیں کہ انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہوسکیں۔ سری دیوی کے شوہر بونی کپور کے بھائی اور اداکارہ سنجے کپور کا کہنا ہے کہ انہیں اس سے قبل دل کا کوئی مرض لاحق نہیں تھا تاہم ان کی اچانک موت سے ہمارا خاندان صدمے سے دوچار ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سری دیوی کی آخری وڈیوسوشل میڈیا پروائرل


سری دیوی 13 اگست 1963ء کو بھارت میں پیدا ہوئیں، ان کا پورا نام سری دیوی کپور تھا، انہوں نے 1976ء میں ایک تامل فلم میں مرکزی کردار ادا کرکے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا، وہ فلم پروڈیوسر بھی رہیں، انہوں نے تامل، تیلگو اور ملیالم سمیت بالی ووڈ فلموں میں کام کیا، 1985ء میں انہوں نے اداکار متھن چکرورتی سے شادی کی جو کامیاب نہ ہوئی اور 3 سال بعد ہی ٹوٹ گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سری دیوی کے انتقال پربالی ووڈ انڈسٹری صدمے سے دوچار

بعد ازاں انہوں نے 1996ء میں فلم پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی جو مرتے دم تک کامیاب رہی، انہوں نے بالی ووڈ فلموں سولہواں ساون (1978)، ہمت والا، موالی، تحفہ، نیا قدم، مقصد، ماسٹر جی، نذرانہ، مسٹر انڈیا، وقت کی آواز، چاندنی، صدمہ، نگینہ، چالباز، لمحے، خدا گواہ، گمراہ، لاڈلہ، جدائی (1997) میں کام کیا۔ بعدازاں 15 برس کے وقفے کے بعد ان کی فلم انڈسٹری میں واپسی ہوئی اور انہوں نے 2013ء میں فلم انگلش ونگلش اور 2017ء میں فلم مام میں کام کیا۔
Load Next Story