شمالی کوریا کا اپنے بند جوہری پاورپلانٹس کو دوبارہ فعال کرنے کا اعلان
شمالی کوریا نے اپنے بند دو ایٹمی ری ایکٹرز کو پیداوار کے لئے دوبارہ فعال کردیا ہے۔
شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پر جاری کیے گئے بیان میں شمالی کوریا کے جنرل ڈپارٹمنٹ آف اٹامک انرجی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے موجودہ جوہری تنصیبات کے استعمال میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں یونگ بونگ میں واقع یورینیم کی افزودگی کے کارخانے اور پانچ میگا واٹ کے گریفائٹ ری ایکٹر سمیت جوہری تنصیبات کو دوبارہ کام میں لایا جانا بھی شامل ہے۔ جس سے اس کی جوہری طاقت کے معیار اور مقدار اضافہ ہوگا۔ شمالی کوریا نے یونگ بیون میں واقع اپنی جوہری تنصیبات کو 2007 میں امداد کے بدل میں جوہری عدم پھیلاؤ کے منصوبے کے تحت بند کر دیا تھا اور اب انہیں دوبارہ فعال کردیا کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کے بعد امریکا نے اپنے جنگی طیاروں کے بعد اپنے بحری بیڑے یوایس ایس فٹز جیرالڈ کو بھی شمالی کوریا کی سمندری حدود کے قریب تعینات کردیا ہے یہ بحری جہاز شمالی کوریا کے میزائلوں کو تباہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا کے خلاف حالت جنگ کے اعلان اور امریکی ریاستوں پر میزائل حملوں کی دھمکی کے بعد خطے میں جنگ کی سی فضا ہے۔ حالات کے پیش نظر جاپان اور چین نے بھی خطے سے متصل اپنی سرحدوں پر فوج کو ہائی الرٹ کررکھا ہے۔