فٹبال میچ میں برونڈی کے صدر کو دھکا لگنے پر دو اعلیٰ افسر گرفتار

دوستانہ میچ کے دوران مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں نے فٹبال چھینتے ہوئے صدر کو دھکا دے دیا تھا

دوستانہ میچ کے دوران مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں نے فٹبال چھینتے ہوئے صدر کو دھکا دے دیا تھا فوٹو:فائل

برونڈی کے صدر کو فٹبال میچ کے دوران دھکا دینے کے الزام میں مخالف ٹیم کے سربراہ اور کوچ کو گرفتار کرکے ان پر صدر کے خلاف سازش کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

برونڈی کے صدر پیئرے نکورونزیزا اپنی ذاتی ٹیم کے ہمراہ ایک دوستانہ فٹبال میچ کھیل رہے تھے کہ مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں نے بال چھیننے کی کوشش میں انہیں دھکا دے دیا جس پر پولیس نے ٹیم کے سربراہ اور کوچ کو صدر مملکت کے خلاف سازش کرنے کے جرم میں گرفتار کرلیا۔ برونڈی کے محکمہ قانون کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں کیریمبا کے ایڈمنسٹریٹر اور اُن کے نائب شامل ہیں، ان دونوں افراد نے کریمبا کی ٹیم منتخب کی تھی۔

صدر پیئرے نکورونزیزا کو دھکے دینے اور بدتمیزی کرنے کا واقعہ صدر کی ذاتی ٹیم ایلیلوا ایف سی اور کریمبا ٹاؤن کی ٹیم کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔ کریمبا کے کھلاڑیوں پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے صدر کا احترام نہیں کیا اور بال چھیننے کی کوشش میں انہیں دھکے دیے اور کئی مرتبہ زمین پر بھی گرایا۔ اس دوران کریمبا کی ٹیم کو فاؤل پلے پر ایمپائر کی جانب سے متنبہ بھی کیا گیا۔


مقامی رہائشیوں نے بین الااقوامی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کریمبا کے ایڈمنسٹریٹر اور اُن کے نائب کا واحد قصور یہ تھا کہ انہوں نے کریمبا کی ٹیم کے لیے کانگو کے پناہ گزین کیمپوں سے کھلاڑی چُنے تھے جنہیں اندازہ نہیں تھا کہ مخالف ٹیم میں ملک کے صدر بھی کھیل رہے ہیں اس لیے انہوں نے ملک کے صدر کے ساتھ ایک عام کھلاڑی جیسا سلوک کیا۔

چون سالہ صدر پیئرے نکورونزیزا اس سے قبل برونڈی یونیورسٹی میں شعبہ کھیل کے پروفیسر بھی رہے ہیں۔ اس عمر میں بھی وہ سوئمنگ اور سائیکلنگ کے شوقین ہیں جب کہ ہفتے کے تین دن اپنی فٹبال ٹیم کے ہمراہ ملک کے طول و عرض میں ہونے والے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے سفر کرتے ہیں جس کے لیے انہوں نے ملک بھر میں نو ہزار سے زائد اسٹیڈیم تعمیر کرائے ہیں۔

ناقدین کا الزام ہے کہ مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں میں صدر کی ٹیم کو ہرانے کی جرات نہیں ہوتی اور انہیں جان بوجھ کر گول کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، کیونکہ صدر سے فٹبال چھیننے پر گرفتاری اور مقدمہ چلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ کھیلوں کے دلدادہ صدر پیئرے نکورونزیزا 2005 سے منصب اقتدار پر بیٹھے ہیں اور اپنی حکمرانی کو مزید طول دینے کے لیے آئین میں بھی ترمیم کرچکے ہیں جس کے بعد وہ صدر کے عہدے پر 2020 تک براجمان رہ سکتے ہیں۔
Load Next Story