یورپ میں برفانی طوفان سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہوگئی

محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں سخت سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

یورپ میں برف باری کے باعث اموات کی مجموعی تعداد 60 ہو گئی ہے۔ فائل : فوٹو

یورپ بھر میں جاری شدید سردی کی لہر سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔

یورپ کے بیشتر ممالک میں برف باری نے معمولات زندگی کو تہس نہس کردیا ہے جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے جب کہ سخت موسم کے باعث مختلف حادثات میں ہونے والی اموات کی تعاد 60 ہوگئی ہے جن میں سب سے زیادہ اموات پولینڈ میں ہوئی ہیں۔


یورپ کے دیگر ممالک کی طرح برطانیہ میں بھی برفانی طوفان اور تیز ہواؤں سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے جب کہ اب تک برطانیہ میں 10 افراد کے موت کی تصدیق ہوچکی ہے اور ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد اسکول بند ہیں اسی طرح ہیتھرو اور مانچسٹر سمیت دیگر ایئر پورٹس پر 500 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

برطانیہ میں شدید برفباری کے باعث ریلوے اسٹیشن پر عوام کا رش ہے، اسپتالوں میں آپریشن بھی منسوخ کردیے گئے ہیں جب کہ سیکڑوں گھروں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے اسی طرح برطانوی حکومت نے شہریوں کو خوراک ذخیرہ کرنے اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے جب کہ اسکاٹ لینڈ میں ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ برف باری کے بعد برطانیہ میں مارچ کے مہینے میں تاریخ کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے، گو کہ یورپ کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت معمول پر آگیا ہے تاہم جنوب مغربی انگلینڈ اور جنوبی ویلز میں ریڈ وارننگ تاحال برقرار ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے برطانیہ میں سخت سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
Load Next Story