رینجرز اور پولیس کی ٹارگٹڈ کاروائیاں 33 افراد گرفتار 66 ہتھیار برآمد

کورنگی میں آپریشن کیخلاف احتجاج ، رینجرز نے بے گناہ افراد کو حراست میں لیا، مکین ،شریف آباد میں بیریئر بھی توڑ دیے گئے

ایسٹ زون پولیس نے 35 ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ، منشیات، شراب کی بوتلیں اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیوںمیں 68 افراد کو حراست میں لیکر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گزشتہ روز قصبہ کالونی میںکٹی پہاڑی سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن کیا ،دوران آپریشن ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری رہا ، قصبہ کالونی میں آپریشن کے دوران مختلف سڑکوں پر لگے بیریئر بھی توڑ دیے گئے، آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ،کورنگی ڈھائی نمبر ، ناصر جمپ اور نورانی بستی بھی رینجرز نے کارروائی کے دورا ن متعدد افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، حراست میں لیے گئے افراد کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

کورنگی میں آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج بھی کیا ،ان کا کہنا تھا کہ رینجرز نے بے گناہ افراد کو حراست میں لیا ہے ، رینجرزکے ترجمان میجر سبطین نے ایکسپریس کو بتایا کہ کورنگی اور قصبہ کالونی میں کیے گئے آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 25 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 66 ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں جن میں مختلف اقسام کی رائفلیں ، پستولیں ، شاٹ گنز اور درجنوں راؤنڈ و کارتوس شامل ہیں ،حراست میں لیے گئے افراد میںسیاسی جماعتوںکے کارکن بھی شامل ہیں ،انھوں نے مزید بتایا کہ رینجرز نے شریف آباد میں کارروائی کرتے ہوئے مختلف گلیوں میں لگے بیریئرز بھی توڑ دیے۔




پولیس نے لسبیلہ ،پٹیل پاڑہ اور دیگر متصل علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، ایسٹ زون پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوارن 35 ملزمان کوگرفتارکیا ، پیر کی شب لسبیلہ چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے افسران شہید ہوگئے تھے جس کے بعد پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب لسبیلہ ، پٹیل پاڑہ اور متصل دیگر علاقوں میں آپریشن کیا ،اس دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی ،پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

سول اسپتال کے سینئر ایم ایل او ڈاکٹر آفتاب چنڑ نے بتا یا کہ ملزم یاسر کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈی ایس پی جمشید کوارٹرز مجید عباس نے بتایا کہ پولیس نے 8 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا جبکہ کچھ مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جنھیں ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا،علاوہ ازیں ایسٹ زون پولیس نے اپنے ضلع کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایک مفرور ملزم سمیت 35 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ ، منشیات ، شراب کی بوتلیں اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
Load Next Story