5 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ فائلوں تک محدود
اس منصوبے پر عملدر آمدکیلیے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ایک کمپنی بھی قائم کی۔
موجودہ حکومت ساڑھے 4 سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود کم آمدن افراد کیلیے وزیراعظم کی اپنا گھر اسکیم کے تحت ملک بھر میں 5 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع نہیں کر سکی۔
وزیر اعظم کی اپنا گھر اسکیم کیلیے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے3 ہزار 971 کنال اراضی کی نشاندہی کر دی لیکن منصوبے پر اس کے بعد کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی، موجودہ حکومت نے ملک بھر میں کم آمدن افراد کیلیے وزیر اعظم کی اپنا گھر اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کیلیے ملک بھرمیں کم آمدن افرادکو حکومت کی جانب سے آسان اقساط پر قرضے دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔
اس منصوبے پر عملدر آمدکیلیے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے ایک کمپنی بھی قائم کی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر اعظم کی کم لاگت اپنا گھر ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ملک بھر میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلیے اراضی کی نشاندہی بھی کی جا چکی ہے جس کے تحت پنجاب میں کم لاگت گھروں کی تعمیرکے منصوبے کیلیے جہلم اور لاہورکا انتخاب کیا گیا۔
اس منصوبے کیلیے وفاقی حکومت کی جانب سے اراضی کا تعین توکردیا گیا لیکن وزیر اعظم کی کم آمدن اسکیم پر حکومت کے ساڑھے 4سال گزرنے کے باوجودکوئی پیش رفت نہیں ہو پائی جس کے باعث یہ منصوبہ صرف فائلوں تک محدود ہوکر رہ گیا ہے۔
ایکسپریس نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان جمیل احمد خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔