ورلڈ کپ کوالیفائر اسکاٹ لینڈ نے افغانستان کو اپ سیٹ کر دیا

کالم میک لیوڈ حریف بولنگ اٹیک کے سامنے چٹان بن گئے، 157 کی ناقابل شکست اننگز، یورپی ٹیم 7 وکٹ سے فتحیاب

یواے ای نے پاپوا نیوگنی کو 56 رنز سے مات دی، آئرلینڈ نے نیدرلینڈز کو زیرکرلیا، زمبابوے نے نیپال پر ہاتھ صاف کرلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

ورلڈ کپ کوالیفائرز کے ابتدائی روز ہی اسکاٹ لینڈ نے افغانستان کو اپ سیٹ شکست دے دی۔

ورلڈ کپ کوالیفائرز کے ابتدائی روز چار مقابلے ہوئے، باقی تین کا نتیجہ تو توقعات کے مطابق ہی رہا مگر ایونٹ کی ہاٹ فیورٹ ٹیم قرار پانے والے افغانستان کو مہم کے آغاز پر ہی اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں زبردست جھٹکا پہنچا۔

گروپ بی کے اس مقابلے میں اسکاٹش ٹیم نے 256 رنز کا ہدف 16 بالز قبل ہی صرف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، اس کامیابی میں میک لیوڈ نے کلیدی کردار ادا کیا جنھوں نے افغان بولرز کا ہر حملہ ناکام بناتے ہوئے ناقابل شکست 157 رنز بنائے، اس دوران انھوں نے 146 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 23 چوکے اور ایک چھکا لگایا، برنگٹن نے بھی 67 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا، افغانستان کے اہم ہتیھار راشد خان بھی اس مقابلے میں بالکل بیکار دکھائی دیے، انھوں نے 9 اوورز میں 68 رنز کی پٹائی جھیلتے ہوئے صرف ایک وکٹ لی، یہ ان کا اب تک کے کیریئر میں بدترین ون ڈے اکانومی ریٹ ہے۔


اس سے قبل بیٹنگ کے دوران بھی وہ پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ ان کی ٹیم 49.4 اوورز میں 255 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ محمد نبی کے 92 اور نجیب زدران کے 67 رنز بھی کسی کام نہ آئے۔ گروپ بی کے دوسرے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹ پر 380 رنز بنائے، جس میں سکندر رضا کے 123 اور برینڈن ٹیلر کے 100 رنز نمایاں تھے، سین مائر بھی 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں نیپال کی ٹیم 8 وکٹ پر 264 رنز بناپائی، ویساوکر نے 52 اور عارف شیخ نے 50 رنز بنائے، مین آف دی میچ سکندر رضا نے 3 اور برائن ویٹوری نے دو وکٹیں لیں۔ ادھر ہرارے میں کھیلے گئے گروپ اے کے پہلے مقابلے میں یو اے ای کی ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوئی، روحان مصطفیٰ نے 95 اور اشفاق احمد نے 50 رنز بنائے۔

جواب میں بارش کی وجہ سے پاپوا نیوگنی کو 28 اوورز میں 170 رنز کا ہدف ملا مگر وہ 113 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ گروپ اے کے دوسرے میچ میں آئرلینڈ نے 7 وکٹ پر 268 رنز بنائے، جواب میں نیدرلینڈز کی ٹیم کو بارش کے باعث 41 اوورز میں 243 کا ہدف ملا مگر وہ 149 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

 
Load Next Story