رسل ہیمسٹرنگ انجری کے سبب پی ایس ایل سے باہر

تیز فارمیٹ میں کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے،وقار یونس

رسل ہیمسٹرنگ انجری کے سبب پی ایس ایل سے باہرہوگئے؛ فوٹوفائل

اسلام آباد یونائٹیڈ کے آندرے رسل ہیمسٹرنگ انجری کے سبب پی ایس ایل سے باہر ہوگئے 29سالہ ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کراچی کنگز سے شارجہ میں میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے پھر وہ دوبارہ فیلڈنگ کرنے نہیں آ سکے۔

اس سے قبل لاہور قلندر کے خلاف میچ میں آندرے رسل نے مستفیض الرحمن کو چھکا لگاکر اپنی ٹیم کو سپر اوور میں کامیابی سے ہمکنار کرایا تھا، ان کا ان فٹ ہونا ٹیم کیلیے بہت بڑا دھچکا ہے جو پہلے ہی فاسٹ بولر رومان رئیس کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے سخت پریشان ہے، رومان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گھٹنہ زخمی ہونے کے سبب میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوگئے تھے۔


کپتان مصباح الحق بھی ہیمسٹرنگ کی تکلیف کے نتیجے میں ابتدائی 2میچز نہیں کھیل سکے تھے۔اسلام آباد یونائٹیڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ اور بولنگ کوچ وقاریونس نے کہاکہ تیز فارمیٹ ٹی ٹوئنٹی میں لہذا کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا خطرہ موجود رہتا ہے، فرنچائز کرکٹ میں ہر ٹیم21 پلیئرز پر مشتمل ہے لہذا سب کا متبادل موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ رومان رئیس اور آندرے رسل کا ان فٹ ہونا یقیناً اسلام آباد یونائٹڈ کے لیے بڑا نقصان لیکن مجھے امید ہے کہ جوکھلاڑی ابھی تک نہیں کھیل سکے وہ ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔

دوسری جانب پشاور زلمی کو ڈیرن سیمی کے جلد فٹ ہونے کی امید ہے، ہیڈ کوچ محمد اکرم نے کہاکہ کپتان کی انجری زیادہ خطرناک نہیں، وہ جلد صحتیاب ہو کر ایونٹ میں واپسی اختیارکریں گے۔ یاد رہے کہ زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسے میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے،اس کے باوجود انھوں نے ایک ٹانگ کے سہارے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا، اس سے ان کی انجری شدت اختیار کر گئی اور وہ اگلے دونوں میچز میں شرکت نہیں کر سکے۔
Load Next Story