نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابلِ سماعت قرار

آئین کسی کو حق نہیں دیتا کہ ضابطہ اخلاق اور قوانین کی خلاف ورزی کرے، حکم نامہ

عدالت نے نوازشریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے : فوٹو : فائل

ہائی کورٹ نے سابق وزیرِاعظم نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نوٹس جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں مخدوم نیاز انقلابی ایڈووکیٹ نے نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف نے 25 اگست کو لاہور میں تقریر کے دوران توہین عدالت کی، انہوں نے عدلیہ اور طاقت کے گٹھ جوڑ کی بات کی جو توہین عدالت ہے۔ عدالت نے 26 فروری کو درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

عدالت نے نوازشریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا



اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کیس میں جسٹس عامرفاروق کا تحریرکردہ محفوظ فیصلے کا حکم جاری کردیا ہے، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آئین کسی کو حق نہیں دیتا کہ ضابطہ اخلاق اور قوانین کی خلاف ورزی کرے، عدالت نے سابق وزیرِاعظم کے خلاف درخواست قابل سماعت قرار دے دی اور نوازشریف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے جب کہ سیکرٹری اطلاعات، پیمرا اور پریس کونسل پاکستان سے بھی 19 اپریل تک جواب طلب کیا گیا ہے۔

شریف خاندان کیخلاف نیب مقدمات کی سماعت کرنے والے جج کی مدت ملازمت میں توسیع


دوسری جانب وزارت قانون نے اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کی سفارش وزارت قانون کی جانب سے وزیر اعظم کو بھجوائی گئی تھی، وزیر اعظم نے سمری منظور کرنے کے بعد ایوان صدر کو بھجوائی، صدر مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم کی سفارش پر محمد بشیر کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔ جج محمد بشیر کو13مارچ 2018 سے13 مارچ 2021 تک توسیع دی گئی ہے۔

واضح رہے اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان اور سابق وفاقی وزیر اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کررہے ہیں، ان کی مدت ملازمت 13 مارچ 2018 کو ختم ہورہی تھی، فاضل جج کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے میڈیا میں نشر ہونے والی خبروں پر سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا تھا۔ جس پرسیکرٹری قانون نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا تھا کہ فاضل جج کی مدت ملازمت میں توسیع کی سمری منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھیجی گئی ہے اور سمری 12 مارچ سے پہلے منظور کرلی جائے گی۔
Load Next Story