مسلم لیگ ن کو چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے مطلوبہ اکثریت مل گئی

چیئرمین سینیٹ کا امیدوار مسلم لیگ (ن) جب کہ ڈپٹی چیئرمین کا تعلق اتحادی جماعت سے ہوگا، ذرائع

نواز شریف چیئرمین سینیٹ کے لیے رضا ربانی کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کی کمیٹی نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پارٹی کے نامزد کردہ امیدواروں کی کامیابی کا دعویٰ کردیا ہے۔

پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی سربراہی میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس جاری ہے، جس میں پارٹی کی 4 رکنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کردی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اکثر جماعتیں چیئرمین سینیٹ کے لیے نواز شریف کی تجویز کی حامی ہیں اور انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے لیے تعاون کا یقین دلایا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ میں مطلوبہ اکثریت حاصل ہو گئی ہے، اب مسلم لیگ (ن) باآسانی اپنا چیئرمین منتخب کرانے کی پوزیشن میں ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: آصف زرداری کی رضاربانی کو چیئرمین سینیٹ بنانے کی مخالفت


نواز شریف نے کمیشن کی رپورٹ پر اظہارِ اطمینان جب کہ آصف زرداری کی جانب سے رضا ربانی کا نام مسترد کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جمہوریت کو مستحکم اور پارلیمان کو بالادست دیکھنا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کا تعلق مسلم لیگ (ن) جب کہ ڈپٹی چیئرمین کا تعلق اتحادی جماعت سے ہوگا۔ مشاورتی اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے ناموں پر مشاورت کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف نے عندیہ دیا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کرے تو ان کی حمایت کریں گے لیکن آصف زرداری نے یہ تجویز مسترد کردی تھی۔
Load Next Story