حصص مارکیٹ نئی بلند ترین سطح پر آگئی 18500 کا سنگ میل عبور

سیمنٹ، ٹیلی کام ودیگرشعبوں میں بڑے پیمانے پرخریداری، کھاد سیکٹر میں فروخت بے اثر، انڈیکس 230 پوائنٹس کے اضافے سے۔۔۔

357 کمپنیوں میں سے202 کے بھاؤ میں اضافہ، مارکیٹ سرمایہ مزید76 ارب 54 کروڑ روپے بلند، کاروباری حجم 9.69 فیصد کم،20 کروڑ 33 لاکھ حصص کا لین دین۔ فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پراعتماد سرمایہ کاری کا تسلسل قائم رہنے سے بدھ کو بھی نمایاں تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے تاریخ میں پہلی بار بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 18500 کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا۔

سیمنٹ ساز اداروں کی فروخت کے حجم میں نمایاں اضافے اور منافع بڑھنے کی توقعات پر بلحاظ سرمایہ کاری سیمنٹ ساز کمپنیاں سرفہرست رہیں جبکہ ٹیلی کام سمیت دیگر شعبوں کی بلیوچپ کمپنیوں میں بھی وسیع پیمانے پر خریداری رحجان نے مارکیٹ کو تیزی کی جانب گامزن رکھا تاہم مسابقتی کمیشن کی جانب سے دوفرٹیلائزر کمپنیوں پر حال ہی میں جرمانہ عائد ہونے کی اطلاعات پراس شعبے میں فروخت کا رحجان غالب رہا لیکن اسکے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی، تیزی کے باعث56.58 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید76 ارب54 کروڑ69 لاکھ31 ہزار412 روپے کا اضافہ ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر64 لاکھ71 ہزار587 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اسکے باوجود مندی رونما نہ ہوسکی کیونکہ اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے19 لاکھ67 ہزار818 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے12 لاکھ46 ہزار268 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے15 لاکھ28 ہزار 737 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے15 لاکھ 99 ہزار 406 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے 1لاکھ29 ہزار357 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جو مارکیٹ کی تیزی میں معاون ثابت ہوئی۔




نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 230.14 پوائنٹس کے اضافے سے18575.88 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس97.03 پوائنٹس کے اضافے سے14492.20 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 607.59 پوائنٹس کے اضافے سے32919.03 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت9.69 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 20 کروڑ33 لاکھ82 ہزار220 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار357 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں202 کمپنیوں کے بھاؤ میں اضافہ، 135 کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور پاکستان کے بھاؤ1676.55 روپے بڑھ کر 15000 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاؤ 288.69 روپے بڑھ کر6062.64 روپے ہوگئے جبکہ سن ریز ٹیکسٹائل کے بھاؤ 9.99 روپے کم ہوکر250 روپے اور پاکستان سروسز کے بھاؤ5.84 روپے کم ہوکر200 روپے ہوگئے۔

Recommended Stories

Load Next Story