سپریم کورٹ نے انتخابی عملے کو درپیش مسائل کی رپورٹ طلب کرلی

سندھ بھر کے انتخابی افسران سے مسائل کی رپورٹ لی جائے، رجسٹرار کو مکتوب موصول.

صوبے میں انتخابی عملے کو سیکیورٹی اور دیگر مسائل کیساتھ لوڈ شیڈنگ کا بھی سامنا ہے فوٹو : پی پی آئی / فائل

سپریم کورٹ نے سندھ میں ریٹرننگ افسران اور ان کے ساتھ فرائض انجام دینے والے انتخابی عملے کو درپیش مشکلات اور مسائل کے بارے میں تفصیلی رپورٹ فوری طلب کرلی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے بدھ کی سہ پہر سندھ ہائیکورٹ کو فیکس موصول ہوا جس میں رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو ہدایت کی گئی وہ انتخابی فرائض ادا کرنیوالے عدالتی عملے کودرپیش مسائل کے بارے میں سندھ کے تمام27 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے رپورٹ جمع کرکے بدھ کو ہی سپریم کورٹ کو ارسال کریں۔




ان رپورٹس کی روشنی میں مناسب اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انتخابی فرائض پر مامور افسران منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے یکسوئی کے ساتھ فرائض انجام دے سکیں، واضح رہے کہ صوبہ سندھ میں انتخابی عملے کو سیکیورٹی اور دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا بھی سامنا ہے۔

جس کی وجہ سے متعلقہ افسران کو اپنے مسائل تحریری صورت میں ای میل یا فیکس کے ذریعے ارسال کرنے میں بھی دشواری ہورہی ہے، اس کے علاوہ سندھ میں سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر تعطیل کے اعلان کے باعث بھی ملازمین دفتری اوقات ختم ہوتے ہی اندرون سندھ اپنے اپنے علاقوں کو روانہ ہوچکے تھے جس کے باعث رپورٹ تیار کرنے میں دشواری کا سامنا تھا۔
Load Next Story