بلوچستان معدنیات اور ملنسار افراد سے مالا مال ہے گورنر بلوچستان

انڈسٹریل زونز کی تکمیل سے معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، گورنر بلوچستان

انڈسٹریل زونز کی تکمیل سے معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، گورنر بلوچستان۔ فوٹو: فائل

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور ملنسار افراد سے مالا مال ہے۔

کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، معدنیات اور ملنسار افراد سے مالا مال ہے معدنی وسائل اور مقامی افرادی قوت کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ انڈسٹریل زون لگانے کی ضرورت ہے۔


محمد خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اکنامک زون کی تعمیری کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ ان انڈسٹریل زونز کی تکمیل سے صوبے میں ترقی و خوشحال کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور معاشی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جب کہ بوستان انڈسٹریل زون کی ترقی اور اس علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو جلد از جلد بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ ملک میں بجلی کے بحران کا خاتمہ کرنے والے صوبے بھر میں کئی گھنٹوں تک جاری لوڈ شیڈنگ پر سنجیدگی کے ساتھ توجہ دیں کیونکہ صنعتی ترقی کے لیے بجلی کی فراہمی اولین شرط ہے۔ یہ بھی ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمارے بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے بجلی پیدا کرنے کے متبادل ذرائع بھی موجودہیں جس سے استفادہ ضروری ہے۔

محمد خان اچکزئی نے چیف سیکریٹری بلوچستان کو ہدایت کی کہ علاقے کے عوام کو بجلی، گیس، پانی اور دیگر ضروری سہولتوں کی فوری فراہمی کے لیے وفاقی حکام سے رابطہ کریں اور اپنا کیس پوری قوت کے ساتھ پیش کریں۔ تعمیر و ترقی کے لیے بنیادی ڈھانچہ خاص طور سے قومی شاہراہوں کی ترقی اور مغل کوٹ تا کوئٹہ شاہراہ کو ترجیحی بنیاد وں پر اپریل تک مکمل کیا جائے۔
Load Next Story