کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی
پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 63 رنز سے شکست دے دی۔
دبئی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے میچ میں کراچی کنگز نے ڈینلی اور بابر اعظم کی نصف سنچریوں کے بدولت مقررہ 20 اوورز میں 188 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 125 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے کمارا سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا، 41 رنز کا آغاز فراہم کرنے کے بعد سنگاکارا 18 رنز پر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے صہیب مقصود بھی صرف 11 رنز ہی بناسکے۔
احمد شہزاد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے اور 24 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم نے انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔
ٹاپ آرڈر کے آؤٹ ہوجانے کے بعد شاہد آفریدی نے ملتان سلطانز کی مڈل آردڑ کو بری طرح روند ڈالا، انہوں نے شعیب ملک کو 6، پولارڈ کو 3 اور سیف بابر کو 13 رنز پر پویلین بھیج کر کراچی کنگز کو فتح کے قریب لاکھڑا کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے سہیل تنویر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 34 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کی جانب سے شاہد آفریدی نے 3، محمد عرفان نے 2 جب کہ عماد وسیم، محمد عامر ، عثمان شنواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے جوئے ڈینلی اور لینڈل سیمنز اوپننگ کے لیے آئے اور ٹیم کو انتہائی سست آغاز فراہم کیا، سیمنز 13 گیندوں پر صرف 4 رنز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
بابر اعظم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور ڈینلی کے ساتھ ملکر 118 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، ڈینلی 55 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم 39 گیندوں پر 58 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔
آخری اوورز میں کولنگ انگرم نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گیندوں پر 29 رنز کی اننگز کھیلی۔