موسیقی کی دنیا پر راج کرنےوالے عاطف اسلم 35 برس کے ہوگئے
موسیقی کی دنیا پر اپنی خوبصورت اور سریلی آواز سے راج کرنے والے پاکستان کے معروف گلوکار واداکار عاطف اسلم آج اپنی 35 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ اس موقع پر انہیں پاکستان سمیت بھارتی مداحوں کی جانب سے بھی نیک تمناؤں کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔12 مارچ 1983 کو پیدا ہونے والے عاطف اسلم نے موسیقی کی دنیا میں کمال دکھانے کے بعد 2011 میں شعیب منصور کی فلم''بول''سے اداکاری کا آغاز کیا اور گلوکاری کی طرح اداکاری کے میدان میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔
پاکستان سمیت بھارت میں بھی عاطف اسلم کے کروڑوں مداح ہیں جو انہیں 35 ویں سالگرہ پر ڈھیروں مبارکباد دے رہے ہیں۔ایک صارف نے عاطف اسلم کو خوبصورت انداز میں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا، اس شخص کو سالگرہ مبارک جس کی موسیقی کی کوئی سرحد نہیں۔
ایک صارف نے پیرس کے آئفل ٹاور اور عاطف اسلم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں اپنی پہلی محبت قراردیا۔
بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے باوجود عاطف اسلم کی سالگرہ بھارت میں ٹرینڈ کررہی ہے اسی حوالے سے ایک صارف نے عاطف اسلم کے لیے اپنی محبت ظاہر کرتے ہوئے کہا ''عاطف اسلم کو دیکھنا میرا خواب ہے اور جب یہ پورا ہوگا وہ دن میری زندگی کا بہترین دن ہوگا۔''
آج کے دن عاطف اسلم کے ساتھ بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال کی بھی سالگرہ ہے۔ ایک بھارتی ویب سائٹ نے عاطف اسلم اور بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال کو ایک ہی دن جنم دن کی مبارک دی۔
عاطف اسلم کے ایک اور دیوانے نے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آپ سے مجھے بہت زیادہ حوصلہ افزائی ملتی ہے، آپ نے میری زندگی پر بہت اچھا تاثر قائم کیا ہے، سالگرہ مبارک ہو۔